جمعرات,  08 جنوری 2026ء
برطانیہ اور فرانس کا یوکرین میں فوج تعینات کرنے کا اعلان

پیرس(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ اور فرانس نے یوکرین میں فوج تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ اور فرانس نے اعلان کیا ہے۔ کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ طے پا جاتا ہے۔ تو دونوں ممالک یوکرین میں فوجی تعینات کریں گے۔

برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے اتحادی ممالک کے اجلاس کے بعد کہا کہ برطانیہ اور فرانس نے ایک اعلان نیت پر دستخط کیے ہیں۔ جس کے تحت یوکرین کے مختلف مقامات پر فوجی مراکز (ملٹری ہبز) قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان مراکز کا مقصد مستقبل میں کسی بھی ممکنہ روسی جارحیت کو روکنا اور یوکرین کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی ممکن ہے۔ اور یورپی ممالک یوکرین کو مضبوط اور قابل اعتماد سیکیورٹی ضمانتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ جنگ کے بعد خطے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔

اتحادی ممالک نے بھی اتفاق کیا کہ کسی بھی ممکنہ جنگ بندی یا امن معاہدے کی نگرانی میں امریکا مرکزی کردار ادا کرے گا۔ تاہم یوکرین کے وہ علاقے جو اس وقت روس کے کنٹرول میں ہیں ان کے مستقبل پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔

واضح رہے کہ روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے۔ اور روس پہلے ہی خبردار کر چکا ہے کہ یوکرین میں کسی بھی غیر ملکی فوج کی موجودگی کو “جائز ہدف” سمجھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کل پیوٹن بھی یوکرین کے صدر کو اس طرح اغوا کر کے ماسکو لے جا سکتے ہیں، خواجہ آصف

پیرس میں حالیہ اعلانات پر روس کی حکومت نے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

مزید خبریں