اتوار,  26 اکتوبر 2025ء
آٹو میٹک تصاویر بنانے والا واٹس ایپ کا نیا دلچسپ فیچر متعارف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے نیا انقلابی فیچر متعارف کرادیا جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے 2025 میں اپنی سروسز کو مزید جدید اور دلچسپ بنانے کے لیے ایک نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والا فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو محض چند الفاظ لکھ کر دلکش تصویریں تیار کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

صارفین کو صرف ایک جملہ یا وضاحتی عبارت لکھنی ہوگی، مثال کے طور پر “سورج غروب ہو رہا ہے” یا “رات کا روشن آسمان”، اس کے بعد واٹس ایپ خودبخود اس تھیم سے مطابقت رکھنے والی تصاویر تیار کر دے گا۔

اے آئی فوراً ہی ان الفاظ کے مطابق کئی تصویریں تیار کر دیتا ہے، جنہیں فوری طور پر اسٹیٹس پر شیئر کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلہ؛ بنگلادیش نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلےکے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی

اس فیچر میں آپ مختلف تخلیقی تصاویر میں سے پسندیدہ انتخاب کر سکتے ہیں، اور ان میں ایموجی، اسٹیکرز یا عبارت بھی شامل کرسکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر صارف بنائی گئی تصویر میں کوئی تبدیلی کرنا چاہے تو واٹس ایپ نے “ایڈیٹ امیج” (Edit Image) کا آپشن بھی دیا ہے، جس سے پوسٹ کرنے سے پہلے تصویر کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

فی الحال یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم کمپنی کے مطابق جلد ہی یہ سہولت تمام صارفین تک پہنچا دی جائے گی۔

مزید خبریں