اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف سپر فور میں چیلنج کیلئے تیار ہیں۔
سلمان آغا نے کہا کہ اب تک اپنا بیسٹ نہیں دے سکے ہیں، انہوں نے میچ کے بعد کہا کہ شاہین آفریدی ہمارے میچ ونر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ابرار احمد ہر میچ میں اچھی باولنگ کر رہے ہیں۔
پاکستانی کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف سپرفور میں چیلنج کے لیے تیار ہیں، سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت 21 ستمبر بروز اتوار کو ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ اے میں پاکستان اور بھارت نے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا، بھارت کا ابھی ایک میچ باقی ہے، بھارت اپنا تیسرا میچ کل عمان کے خلاف کھیلے گا۔
مزید پڑھیں: حضور نبی اکرمﷺ کی محبت تمام مسلمانوں کا مشترکہ اثاثہ ہے ، سیرت نبی ﷺ اور انسانی حقوق کانفرنس کاعلامیہ جاری
گروپ بی میں دلچسپ صورتحال ہے، سری لنکا اور بنگلہ دیش چار چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں اور افغانستان پوائنٹس ٹیبل پر دو پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
افغانستان کا رن ریٹ بنگلہ دیش سے اچھا ہے، اگر افغانستان سری لنکا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو پھر تینوں ٹیموں کا رن ریٹ دیکھا جائے گا جن دو ٹیموں کا رن ریٹ بہتر ہو گا وہ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کر جائیں گی۔