راولپنڈی (کرائم رپورٹر): راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، قمار بازی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں میں ملزمان سے مسروقہ مال، اسلحہ، چرس اور دیگر غیر قانونی سامان برآمد کیا گیا ہے۔
رتہ امرال میں پولیس پر فائرنگ، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
رات گئے رتہ امرال کے علاقے میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان جواد اور حبیب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے 26 موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان کا ایک موٹر سائیکل بھی جو چند روز قبل شہری سے چھینا گیا تھا، برآمد ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس کی بہادری اور ملزمان کی گرفتاری پر ٹیم کو شاباش دی۔
پتنگ بازی کے خلاف آگاہی واک
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پتنگ بازی کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ یہ واک تھانہ واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے علاقوں میں کی گئی جس میں ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، طلباء اور شہریوں نے شرکت کی۔ واک کا مقصد پتنگ بازی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے لیے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سی پی او نے کہا کہ پتنگ بازی ایک خطرناک جرم ہے اور اس کے خلاف تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
منشیات سپلائر فیصل اقبال کو سزا
راولپنڈی پولیس کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائر فیصل اقبال کو 9 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ فیصل اقبال سے 1 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی تھی اور پولیس نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اسے گرفتار کیا۔ سی پی او نے منشیات کے خلاف جاری مہم پر پولیس ٹیم کو سراہا۔
نیو ٹاؤن پولیس کی کارروائی: 2 رکنی گینگ گرفتار
نیو ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی چوروں کے گینگ کو گرفتار کیا۔ ملزمان حمزہ اور عامر سے چوری شدہ 2 موبائل فون اور دیگر مسروقہ سامان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 73 ہزار روپے برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے چالان تیار کر لیا ہے۔
صدرواہ پولیس کی کارروائی: سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
صدرواہ پولیس نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے چھینی گئی 2 موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور 20 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی۔ ایس پی پوٹھوہار نے پولیس ٹیم کی محنت کی تعریف کی اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
قماربازی کے خلاف کریک ڈاؤن: 9 ملزمان گرفتار
راولپنڈی پولیس نے قمار بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے داؤ پر لگی رقم 33 ہزار روپے، 6 موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد کیے۔ ایس پی راولپنڈی نے کہا کہ قماربازی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: 9 مئی توڑ پھوڑ کیس ، عدم پیشی پر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری
چوری کے ملزمان گرفتار، مسروقہ رقم برآمد
آراے بازار پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم بلال کو گرفتار کیا، جس سے مسروقہ 25 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ایس پی پوٹھوہار نے کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ کارروائی کی جا رہی ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا اور 6 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے مختلف ملزمان سے چرس برآمد کی اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور شراب سپلائرز کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے پستول، ایمونیشن اور شراب برآمد کی گئی۔ ایس پی راولپنڈی نے کہا کہ ناجائز اسلحہ اور شراب کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔