جمعه,  18 اکتوبر 2024ء
بڈھ بیر ،8افراد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

پشاور(روشن پاکستان نیوز) بڈھ بیر کے علاقہ بالو خیل میں 25جون کو پیش آنے والے دل خراش واقعہ میں اہم پیش رفت، 8افراد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم یار رحمٰن ولد نور رحمٰن کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد، ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کے علاقہ بالو خیل میں 25 جون کو جائیداد اور رقم لین دین کے تنازعہ پر مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر 8افراد کو قتل کردیا تھا مقتولین میں 4خواتین اور 4بچے شامل تھے، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے دل خراش واقعہ کا آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس اختر حیات اور سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن سجاد احمد صاحبزادہ کی نگرانی میں سپیشل چار ٹیمیں تشکیل دی تھی۔

خونی واقعہ میں ملوث سفاک قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کیپٹل سٹی پولیس نے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پشاور کے مختلف علاقوں سمیت ، ضلع خیبر، ایف آر پشاور حسن خیل، درہ آدم خیل ، نوشہرہ اور دوسرے اضلاع کیساتھ ساتھ صوبہ سندھ میں بھی خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ زنی کی گئی ، جدید سائنسی خطوط پر جاری تفتیش کے دوران پولیس ٹیم نے انتہائی حکمت عملی کیساتھ بالآخر ملزم یار رحمٰن عرف یار محمد ولد نور رحمٰن کو گرفتارکرلیا۔

کاروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ کلاشنکوف بھی برآمد کرلیا گیا ، مرکزی ملزم سے پولیس تفتیشی ٹیم نے جامع تفتیش شروع کردی ہے جس سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس نے واقعہ میں نامزد تین ملزمان روح اللہ، فرمان اللہ اور صبعت اللہ کو ضلع نوشہرہ سے حراست میں لیا گیا تھا جبکہ نامزد ملزمان میں سے تین ملزمان کو منگل کے روز ضمانت قبل ا ز گرفتاری خارج ہونے پر پولیس نے کمرہ عدالت سے حراست لیا ہے ، پولیس کے زیر حراست ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے

مزید خبریں