اتوار,  15 فروری 2026ء
میری جینے کی تیاری تو دھری رہ گئی
میری جینے کی تیاری تو دھری رہ گئی

تحریر: سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ

میری جینے کی تیاری تو دھری رہ گئی

آج میں آپ کو پھر ایک اور دلچسپ بات بتانے جاتا ہوں۔
یہ بات بھی ذرا ہٹ کر ہے۔

کیا کبھی آپ لوگوں نے یہ سوچا ہے کہ آپ ساری زندگی صرف جینے کی تیاری کرتے ہیں
جیتے نہیں ہیں
ہاں میں سچ کہتا ہوں بھائی۔
آپ جیتے تو بالکل ہی نہیں ہیں ۔بس آپ اس دھیان میں لگے رہتے ہیں کہ آپ جینے کی تیاری میں ہیں۔
آپ سوچتے ہیں کہ جب سکول سے نکلوں گا تو آزادی سے جیوں گا
ابھی تو ہر وقت پڑھائی، سکول، پھر پڑھائی، پھر اسکول
پھر جب سکول سے نکل کر کالج داخل ہوتے ہیں تو آپ کو جلدی ہوتی ہے کہ آپ کالج کے دروازے سے باہر نکلیں تعلیم مکمل کر کے
اور ایک اچھی نوکری آپ کا انتظار کر رہی ہو گی تو تب آپ شانتی سے جیو گے ۔
کیا میں ٹھیک کہہ رہا ہوں نا؟
اور جب نوکری مل گئی تو پھر دھیان شادی کی طرف جائے گا
تب یہ چاہو گے کہ بہت پڑھ لیا
نوکری بھی کر لی
اور کمانے بھی لگا ہوں
اب ذرا اچھی سی،
پیاری سی لڑکی کے ساتھ شادی ہو جائے
ایک دو بچے ہو جائیں تو زندگی جیوں گا
لیکن ایسا نہیں ہوتا دوستو
میں جانتا ہوں ایسا نہیں ہوتا
کیونکہ آپ پھر ایسے مگن ہوتے ہیں اپنی بیوی بچوں کی ضروریات زندگی پوری کرنے میں کہ آپ ریٹائرمنٹ کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔
آپ دل میں یقین کر بیٹھتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ہی اچھی زندگی شروع ہو گی
سکون کی زندگی
اطمینان کی زندگی
لیکن
اچانک موت آ جاتی ہے
اور آپ کی ساری جینے کی تیاری دھری کی دھری رہ جاتی ہے
میں سچ کہتا ہوں نا ؟
بیچ میں موت آ جاتی ہے نا؟
اور میں موت پر بہت زور دیتا ہوں
کیونکہ میں جانتا ہوں کہ موت بھی زندگی کی طرح ہی ایک اٹل حقیقت ہے
لیکن ہم اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر پاتے
ہم اپنی ساری زندگی کی پلاننگ میں کہیں بھی موت کا امکان نہیں پاتے
اور اپنے جینے کی تیاری کو ہمیشہ کل پر چھوڑتے چلے جاتے ہیں
بھائی کل تو ایک دھوکہ ہے، کل ایک بہت بڑا دھوکہ ہے، یہ کل کبھی نہیں آتا ،
جو بھی، جب بھی آتا ہے آج
آتا ہے
اور کل ہمیشہ آج بن کر ہی آتا ہے
اور کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کا دل ایک شرابی کی طرح ہے جو ہمیشہ ہی ماضی کی یادوں میں یا مستقبل کے خوابوں میں جھومتا رہتا ہے ۔
میں چاہتا ہوں آپ زندگی جییں اور مرنے سے پہلے زندہ رہنا نہ چھوڑیں
اور آپ لوگ تو ایسا ہی کرتے ہیں جیسا کہ میں نے اوپر بیان کیا ہے،میں جانتا ہوں ۔مجھے یقین ہے
کیونکہ میں بھی ایسا ہی کرتا آیا ہوں
آنے والے لمحات میں، آنے والے وقتوں میں خوشی کا انتظار کرتا رہا ہوں ۔
میں بھی آپ کی طرح ہمیشہ جینے کے ،خوشی کے، انجوائے کرنے کے لمحوں کا منتظر رہا ہوں
لیکن حقیقی خوشی کبھی نہ آئی
ہمیشہ کل کی طرف دیکھتا رہا ہوں
آج اس وقت میں جو ہوں، جہاں ہوں ،جیسا ہوں اس کا شکر گزار نہیں ہوں
لیکن اب میں چاہوں گا کہ میری طرح آپ لوگ بھی آج سے ہی، اسی وقت، اسی لمحے کو خوشیوں کا وقت جانیں
لہذا اب کل کا انتظار کرنے والی غلطی ہرگز نہ کرنا اور خوش رہنا میرے دوستو۔

اس سے پہلے کہ بیچ میں موت آ جائے اور جینے کی تیاری
پھر دھری کی دھری رہ جائے

مزید خبریں