هفته,  11 اکتوبر 2025ء
شیطان کا گول چکر اورجوانوں کے لیے پیغام !
کالم میں اور میرا دوست

تحریر ندیم طاہر/:: یہ دنیا ایک میدانِ آزمائش ہے جہاں انسان کو ہر لمحہ دو طاقتوں کے درمیان انتخاب کرنا پڑتا ہے ایک رحمان کی طاقت اور دوسری شیطان کی طاقت۔ یہی انتخاب انسان کے انجام کا تعین کرتا ہے۔ شیطان ہمیشہ انسان کے دل میں یہ وسوسہ ڈالتا ہے کہ “اگر تم یہ ایک غلط کام کر لو تو خوشی، سکون یا ترقی تمہارے قدم چومے گی”، مگر دراصل وہ انسان کو ایک ایسے گول چکر میں پھنساتا ہے جس سے نکلنا ناممکن ہو جاتا ہے۔

تصویر میں نظر آنے والے تین افراد بھی کبھی اپنی دنیا کے بادشاہ تھے۔ دو ارب پتی تھے، جبکہ تیسرا ان کی دوستی کے طفیل کروڑوں میں کھیلتا تھا۔ ان کے پاس دولت کی فراوانی، شہرت، اور دنیا کی ہر نعمت موجود تھی۔ ایک سال پہلے تک یہ اپنی فیملیز کے ساتھ خوشحال زندگیاں گزار رہے تھے، دنیا بھر کے سفر کرتے، بڑے بڑے بزنس چلا رہے تھے، مگر پھر شیطان نے طیفی بٹ کے دل میں ایک زہر گھولا “اگر تم بالاج کو راستے سے ہٹا دو تو تمہیں اور طاقت، اور خوشی ملے گی۔”

طیفی بٹ نے اس شیطانی مشورے کو سن لیا۔ اس نے اپنے ہی دوست احسن شاہ کو لالچ دیا کہ اگر وہ قتل کی سہولت کاری کرے تو اسے بھی ارب پتی بنا دیا جائے گا۔ یوں ایک گہری دوستی لالچ اور بدی کے جال میں برباد ہو گئی۔ احسن شاہ نے سہولت کاری کی، بالاج کا قتل ہوا، اور طیفی بٹ دبئی جا کر چھپ گیا۔ لیکن قدرت کے قانون سے کوئی بچ نہیں سکتا۔ احسن شاہ کو پولیس مقابلے میں مار دیا گیا، اور کل طیفی بٹ کو بھی دبئی سے لا کر اسی انجام سے دوچار کر دیا گیا۔

یہی نہیں، بالاج کے قتل کے بدلے میں طیفی بٹ کی بہن اور بہنوئی بھی لاہور کی کینال روڈ پر قتل کر دیے گئے۔ اتفاق سے لکھنے والا خود اس وقت اسی سڑک سے گزر رہا تھا۔ منظر ایسا تھا کہ رونگٹے کھڑے ہو جائیں گاڑیوں کی چمک دمک، پیسے کی ریل پیل، مگر سب کچھ بیکار۔ اب وہ سب زیرِ زمین ہیں، اور ان کی جائیدادیں، محلات، اور ٹرک اسی زمین پر پڑے ہیں۔
یہی ہے شیطان کا گول چکر لالچ، حسد، انا، اور بدی کا ایک ایسا دائرہ جس میں داخل ہونے والا شخص کبھی سکون نہیں پاتا۔ پہلے وہ سمجھتا ہے کہ وہ دنیا جیت رہا ہے، مگر دراصل وہ خود کو تباہی کے راستے پر ڈال دیتا ہے۔ شیطان انسان سے اس کا اطمینان، عزت، خاندان اور آخرکار زندگی چھین لیتا ہے۔

ہمارے جوانوں کے لیے یہ کہانی ایک عبرت ہے۔ دولت، طاقت، یا عارضی خوشی کے پیچھے اپنی انسانیت اور ایمان نہ بیچو۔ رحمان کی طاقت سے جڑ جاؤ چاہے وسائل کم ہوں، مگر زندگی باعزت اور پرسکون ہوگی۔ شیطان کے اشارے پر ایک قدم بڑھایا تو انجام وہی ہوگا جو طیفی بٹ، احسن شاہ اور بالاج کے ساتھ ہوا۔

دنیا کی یہ دولت، یہ گاڑیاں، یہ بنگلے سب ادھر ہی رہ جائیں گے۔ مگر تمہارا ایمان، تمہارا کردار اور تمہارا انجام یہی تمہارا اصل سرمایہ ہے۔ جوانو، یاد رکھو! شیطان تمہیں کبھی خوشی نہیں دے سکتا، وہ صرف وعدے کرتا ہے اور پھر تمہیں گول چکر میں گھما کر مٹی میں ملا دیتا ہے۔

مزید خبریں