جمعرات,  16 جنوری 2025ء
ادھوری کہانی۔ باعث افتخار

ادھوری کہانی۔ باعث افتخار
انجینیئر افتخار چودھری

یہ کہانی وفا، قربانی اور امید کی ہے، مگر آج بھی انصاف کی منتظر ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسے بے شمار المیے دفن ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ماضی کا حصہ بن گئے، مگر کچھ کہانیاں ایسی بھی ہیں جو وقت کے دھارے میں بہنے کے باوجود اپنی تکمیل کے لیے زندہ رہتی ہیں۔ پاکستان کی کہانی بھی ایسی ہی ایک کہانی ہے، جس کا ایک اہم باب آج بھی مکمل ہونے کا منتظر ہے۔ یہ باب بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کا ہے، وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کی سالمیت کے لیے اپنی جان، مال، عزت اور سب کچھ قربان کر دیا، مگر بدقسمتی سے آج بھی وہ انصاف کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ان کی داستان سلیم منصور خالد کی کتاب ،،البدر،، میں محفوظ ہے ۔اج جب البدر اور الشمس کی قربانیوں کے بارے میں خواجہ اصف جیسے انپڑھ لوگ بات کرتے ہیں تو دل پریشان ہو جاتا ہے اور اس وجہ سے سہارا ملتا ہے کہ جو بندہ ہمارے برصغیر کے ہیرو کو ڈاکو سمجھتا ہیں تو ان کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے

یہ کہانی صرف ظلم اور محرومی کی نہیں، بلکہ یہ ان لوگوں کی وفا اور قربانی کی گواہی بھی دیتی ہے جنہوں نے 1971 میں پاکستان کے وقار کی حفاظت کی۔ وہ لوگ جو مکتی باہنی اور بھارتی جارحیت کے سامنے سینہ سپر رہے اور اپنے عزم سے یہ ثابت کیا کہ وہ پاکستان سے محبت کرنے والے حقیقی محب وطن ہیں۔ لیکن آج وہی لوگ بنگلہ دیش کے مختلف کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، اور یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا ان کی قربانیاں بے وقعت تھیں؟
پاکستان کی فوج اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان محصور پاکستانیوں کو واپس لائے اور انہیں اس وطن کی آغوش میں لے، جس کے لیے انہوں نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ 1971 کے المیے کے بعد، یہ لوگ بنگلہ دیش میں بے یار و مددگار رہ گئے اور آج تک پاکستان کی ریاست کی جانب سے عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔
پاکستان کے آئین اور قومی ضمیر کا تقاضا ہے کہ ان محصور پاکستانیوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔ یہ نہ صرف ان کی قربانیوں کا اعتراف ہوگا بلکہ ہمارے قومی وجود کے لیے بھی ضروری ہے۔

سعودی عرب میں، کمیونٹی کے پلیٹ فارمز کے ذریعے ہم نے ان محصور پاکستانیوں کے حق میں آواز بلند کی۔ احتشام نظامی کی قیادت میں انجینئر احسان الحق، مسرت خلیل، اور حامد خان جیسے دوستوں کے ساتھ مل کر ہم نے ان کی حالت زار کو اجاگر کیا۔ سعودی عرب میں کئی تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاکستان کی سالمیت اور ان محصور پاکستانیوں کی واپسی پر زور دیا گیا۔

پاکستان کے معروف صحافی الطاف حسن قریشی صاحب کی خدمات اس حوالے سے ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی کتاب “میں نے آئین بنتے دیکھا” پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک خزانہ ہے۔ جدہ میں ان سے ملاقات کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ ان کی رہنمائی ہمیشہ اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ ایک صحافی کا اصل کام حقائق کو اجاگر کرنا اور قوم کی رہنمائی کرنا ہے۔

پاکستان کی کہانی اس وقت تک مکمل نہیں ہوگی جب تک بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کو ان کے گھروں میں واپس نہیں لایا جاتا۔ یہ ایک قومی فریضہ ہے جو ریاست، حکومت، اور عوام سب کو مل کر ادا کرنا ہوگا۔

“یہ کہانی ادھوری ہے، مگر ہمیں یقین ہے کہ ایک دن یہ مکمل ہوگی۔”اور الطاف حسن قریشی کی کتاب جلد میں منظر عام پر اتے دیکھ رہا ہوں جس کا عنوان ہوگا میں نے ۔۔۔ائین کا مذاق اڑتے دیکھا،

اگر ہم نے انصاف کیا ہوتا تو 1970 کے نتائج کو تسلیم کر لیا ہوتا تو شاید پاکستان بچ جاتا میں اج بھی سمجھنے سے قاصر ہوں کہ لوگ صرف مجیب الرحمن کو غدار کہتے ہیں لیکن یحیی خان اور بھٹو کو کسی صورت مورد الزام نہیں ٹھہراتے حالانکہ یہ ٹرائیکا اگر نہ ہوتی تو پاکستان کبھی بھی نہ ٹوٹتا شاعر نے کیا خوب کہا ہے
چوبیس برس کی فرد عمل

ہر گھر زخمی ہر گھر مقتل ہے
ارض وطن تیرے غم کی قسم
تیرے دشمن ہم تیرے قاتل ہم

جناب الطاف حسن قریشی کے وہ نہار فرزند انجینیئر کامران کے نام اس درخواست کے ساتھ کہ قریشی صاحب کی نئے انے والی کتاب کا جو میں نے عنوان تجویز کیا ہے وہ کتاب مکمل کرائیں اور یہ اج کا دن بھی ایک چیف جسٹس نے پاکستان تحریک انصاف سے بیٹ چھین لیا تھا 71 میں کی گئی غلطیاں جس کی سزا ہمیں مشرقی پاکستان میں ملی اللہ نہ کرے کہ یہ جو جرم عدلیہ اسٹیبلشمنٹ اور فارم 47 پہ جیتنے والے لوگ کر رہے ہیں اللہ نہ کرے اسی طرح کی سزا ہمیں ملے
ابھی بھی وقت ہے کہ بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کو پاکستان لایا جائے اور چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو پاکستان لا کر غلطیوں کی تلافی کی جائے

مزید خبریں