اتوار,  08  ستمبر 2024ء
دھرنا کیوں؟

شہریاریاں ۔۔۔ تحریر: شہریار خان

جس کا دل چاہتا ہے اسلام آباد میں دھرنا دے دیتا ہے، کبھی فیض آباد تو کبھی ڈی چوک۔۔ بھئی اپنے لوگوں کو تکلیف دے کر آپ کو کتنے نفل کا ثواب ملتا ہے؟. کچھ ماہ مولوی مشتاق احمد نے ڈی چوک بند کر دیا، وہاں دو معصوم لوگ مارے گئے، اس سے نقصان صرف ان دو خاندانوں کا ہوا مگر دھرنا کی شان بڑھ گئی۔۔ نعرہ تھا غزہ کے مسلمانوں کا مگر دھرنا ڈی چوک میں کیوں؟. اس سے اسرائیل کا کون سا کاروبار رکا؟

اب آج فیض آباد کو تحریک لبیک پاکستان نے بند کر دیا، نعرہ پھر فلسطین کا، کہتے ہیں حکومت اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے ۔۔۔ مگر کون سی مصنوعات کا؟.. یہاں پاکستان میں جن اداروں کو آپ اسرائیلی گردانتے ہیں ان کے مالکان بھی پاکستانی ہیں اور اس میں کام کرنے والے لاکھوں ملازمین بھی پاکستانی ہیں جن سے لاکھوں گھروں کے چولہے جلتے ہیں۔۔ اس وقت ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں بیس لاکھ سے زیادہ لوگ بیروزگار ہیں۔ کیا ہم مزید لاکھوں افراد کی بیروزگاری کے متحمل ہو سکتے ہیں؟

بھارت اگر کسی بھی ملک کے بائیکاٹ کا سوچے تو وہ کر سکتا ہے کیونکہ وہ سوئی سے لے کر گاڑی تک خود اپنے ملک میں بناتے ہیں۔ یہاں جو سوزوکی ہے وہ وہاں ماروتی ہے۔ دنیا جہان کے بڑے اداروں کے سربراہان میں سے اکثریت بھارتیوں کی ہے۔ انہیں سیٹلائٹ بھیجنے کے لیے دوسرے ملک کی مدد نہیں لینا پڑتی۔۔ پھر بھی وہ سب ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنا کر رکھتا ہے۔

چین ایسا ملک ہے جہاں سب کچھ بنتا ہے، امریکی کمپنیاں بھی چین سے اپنی مصنوعات بنواتی ہیں۔ چین کی ٹیکنالوجی کا عالم یہ ہے کہ امریکا نے چین میں بننے والے فونز کو بین کر دیا تو چین نے فون کے لیے آپریٹنگ سسٹم بھی اپنا بنا لیا، ہواوے کے فون ٹیکنالوجی میں سب سے بہتر ہیں، وہ امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں تو بات سمجھ آتی ہے مگر ہم بائیکاٹ کریں تو بتائیے کہ ہم بناتے ہیں کیا ہیں؟ باتوں کے علاوہ ۔۔۔

ہمارے یہاں جو حضرات ہمیں خودداری کا سبق پڑھا رہے ہیں وہ سب صرف اتنا بتا دیں کہ کیا آئی فون یا سام سنگ فون کیا محمد سلیم نے بنائے ہیں؟ گوگل، یو ٹیوب، واٹس ایپ، انسٹا گرام کسی مسلمان کی ملکیت ہیں؟ کیا ان سب ایپس کے استعمال سے فائدہ اسرائیل یا اسرائیل کے دوستوں کو نہیں ہوتا؟.
یہاں ہم نے پیپسی اور کوکاکولا کا بائیکاٹ کرنا ہے تو کیا کوئی مسلمان بھائی یہ گارنٹی دے سکتا ہے کہ یہ پاکستانی ڈرنکس صفائی کے معیار پہ پورا اترتی ہیں؟. جس ملک میں دودھ میں پانی ملانے سے بھی آگے نکل کر لوگوں نے کیمیکل سے دودھ بنانا اور بیچنا شروع کر دیا ہو، جہاں لوگ ادویات بھی جعلی بناتے ہوں، جہاں مسالہ جات بھی مضر صحت ہوں۔۔

ہم نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہے کیونکہ ہماری غیرت اجازت نہیں دیتی مگر ہم نے اپنی ریاست کا نظام چلانے کے لیے بھیک بھی ان سے ہی مانگنی ہے۔۔ مجھے بائیکاٹ پہ کوئی اعتراض نہیں غیرت کا تقاضہ یہی ہے مگر حقیقت یہی ہے کہ ہم ضرورت مند ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں کے لئے کچھ کرنا ہے تو پہلے مانگنا ترک کریں، اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ ہمیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کسی کی طرف نہ دیکھنا پڑے۔ یہاں توہم زرعی ملک ہوتے ہوئے بھی ایران کی پیاز، بھارت کے ٹماٹر اور سری لنکا کی ادرک کے محتاج ہیں۔

مزید پڑھیں: فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن نے فیض حمید کو کلین چٹ دید ی

یہ درخواست بھی ہے کہ اپنے ملک کی سڑکیں بند کرنے کے بجائے اسرائیل کی سرحد پہ پہنچیں، رفح کراسنگ پہ جائیں۔۔ یہاں آپ کے سڑکیں بند کرنے سے پٹرول کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور اس کا منافع بھی دوسرے ممالک کو ہوتا ہے کیونکہ ہم تو پٹرول بھی کافروں سے خریدتے ہیں۔۔ پلیز سوچئے آپ کے سڑک بند کرنے سے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو جاتی ہے اور اس سے کسی اسرائیلی کو نہیں بلکہ غریب مسلمان پاکستانیوں کو نقصان ہوتا ہے۔

اگر آپ میری بات سے متفق ہیں تو پلیز اس بات کو آگے بڑھانے میں مدد کیجیے ۔۔۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News