راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن نائن کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ریلی روسو نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا، سعود شکیل 24 اور جیسن رائے 16 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان رائلی روسو 8، سہیل خان 7 اور خواجہ نافے 5 رنز بناسکے، ابرار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب ، لیوک ووڈ خرم شہزاد اور مہران ممتاز نے 2، 2 جبکہ نوین الحق اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
قبل ازیں پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 53 رنز بناکر نمایاں رہے، صائم ایوب 30، محمد حارث 20، کیڈمور 33، حسیب اللہ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، رومین پاؤل 28 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے 4 ، سہیل خان، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔