راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) اینگلو عریبک ہائیر سیکنڈری اسکول راولپنڈی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈویژنل پبلک اسکول (DPS) کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ DPS گراؤنڈ میں اینگلو عریبک ہائیر سیکنڈری اسکول اور دارالقرآن اسکول راولپنڈی کے درمیان کھیلا گیا۔
فائنل میچ میں اینگلو عریبک اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 150 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ ٹیم کے کپتان حافظ علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں دارالقرآن اسکول کی ٹیم بہترین کھیل پیش نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں صرف 77 رنز بنا پائی، یوں اینگلو عریبک ہائیر سیکنڈری اسکول نے واضح برتری کے ساتھ ٹورنامنٹ جیت لیا۔
میچ کے اختتام پر پرنسپل DPS نے ونر ٹیم، رنر اپ ٹیم اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ علی میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر کھلاڑیوں، اساتذہ اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس کامیابی پر اسکول انتظامیہ نے اینگلو عریبک ہائیر سیکنڈری اسکول راولپنڈی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے معزز اراکین کے تعاون، سرپرستی اور رہنمائی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی تمام کھلاڑیوں، کوچ اور اساتذہ کرام کو ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔











