ارجنٹائن(روشن پاکستان نیوز) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے 900 واں کیریئر گول کرکے کرِسٹیانو رونالڈو کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے فٹ بالر کا اعزاز حاصل کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ گول انٹر میامی اور نیش ویل ایس سی کے درمیان کونکاکاف چیمپیئنز کپ میں 1-1 کے ڈرا میں ان کے بائیں پاؤں کے شاندار شاٹ سے آیا۔
میسی نے 2005 میں 17 سال کی عمر میں بارسلونا کے لیے اپنا پہلا سینئر گول کیا تھا، اور 21 سال بعد یہ اہم سنگ میل حاصل کیا۔
انٹر میامی کے مینجر جاویر ماشیرانو نے میسی کے ریکارڈ کو دیوانہ وار قرار دیا اور کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے ان کے زیادہ تر گولز قریب سے دیکھے ہیں، یہ واقعی ایک اعزاز ہے۔
اسٹار فٹبالر رونالڈو نے سعودی شہر ریاض چھوڑ دیا، لیکن کیوں؟
38 سالہ میسی نے اپنے کلب اور قومی ٹیم کے لیے 1,142 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا، جو رونالڈو کے 1,236 میچز سے قریباً 100 کم ہیں۔
رونالڈو اب 965 گول کر چکے ہیں اور 1,000 گول کے ہدف کو حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
میسی کے بیشتر گول بارسلونا کے دوران ہوئے، جہاں انہوں نے 672 گول کیے، جبکہ پیرس سینٹ جرمین میں 32، انٹر میامی میں 81 اور ارجنٹائن کے لیے 115 گول کیے۔ ارجنٹائن کے ساتھ انہوں نے 2022 میں عالمی کپ میں بھی جیتنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق میسی کے 175 گول ناک آؤٹ میچز میں آئے، جن میں 35 فائنلز شامل ہیں۔ یورپ کی چیمپئنز لیگ میں ان کے 129 گول رونالڈو کے 140 گول کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔











