جمعرات,  15 جنوری 2026ء
کپتان کے فیصلے پر عمل کرنا میری ذمہ داری ہے، رضوان
کپتان کے فیصلے پر عمل کرنا میری ذمہ داری ہے، رضوان

سڈنی(روشن پاکستان نیوز) بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں بیٹنگ کے دوران واپس بلائے جانے کے معاملے پر قومی کرکٹر محمد رضوان کا مؤقف سامنے آ گیا ہے۔

محمد رضوان نے واضح کیا ہے کہ بگ بیش لیگ چھوڑ کر وطن واپسی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ مکمل نہ کرنے کی باتیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔

محمد رضوان کے مطابق کپتان کے فیصلے پر عمل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی اپنے امیر کی اطاعت کا درس دیتا ہے اور کرکٹ میں میچ کے دوران کپتان ہی امیر ہوتا ہے، اس لیے اس کے فیصلے کو تسلیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کے لیے باقی میچز نہ کھیل سکوں گا، شاداب خان

انہوں نے کہا کہ میچ کی صورتحال کے مطابق کپتان نے جو فیصلہ کیا، اس پر عمل کیا گیا۔ واپس بلائے جانے پر انہیں کوئی گلہ نہیں۔ رضوان کے مطابق میچ کے بعد کوچ اور کپتان نے ان سے بات کی، شکریہ ادا کیا اور معذرت بھی کی۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ بگ بیش لیگ کے معاہدے کے تحت وہ میچز کے لیے اپنی ٹیم ملبورن رینی گیڈز کو دستیاب ہیں اور لیگ چھوڑنے سے متعلق خبریں غلط ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں کپتان نے محمد رضوان کو 23 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد واپس بلا لیا تھا۔ ان کی جگہ سدرلینڈ بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔

مزید خبریں