جمعرات,  08 جنوری 2026ء
پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم ‘سیالکوٹ’ 185 کروڑ روپے میں خریدنے والے حمزہ مجید کون ہیں؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حمزہ مجید چوہدری او زی گروپ کے چیئرمین ہیں جو آج پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 8ویں فرنچائز کی کامیاب بولی کے بعد ‘سیالکوٹ’ ٹیم کا مالک بن گیا ہے۔

ان کی کمپنی او زی ڈیولپرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بولی کے عمل میں 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر سیالکوٹ کے نام سے ٹیم حاصل کرلی۔

پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم کی ابتدائی بولی 170 کروڑ روپے رکھی گئی تھی جسے اوزی گروپ نے 185 کروڑ روپے کی بلند ترین بولی پر پہنچاکر فرنچائز اپنے نام کرلی۔

حمزہ مجید کون ہیں؟

حمزہ مجید چوہدری ایک اوورسیز پاکستانی ہیں جن کی پیدائش کویت میں ہوئی تھی جہاں ان کا خاندان مقیم تھا تاہم بعد میں وہ تعلیم کے لیے آسٹریلیا چلے گئے اور 2008 میں ایک کمرے سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا۔ اوزی گروپ کا آغاز انہوں نے 2019 میں کیا جو زیادہ تر ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبے میں کام کرتا ہے۔

حمزہ مجید کے مطابق وہ 2020 میں وہ پاکستان منتقل ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 5 سالوں میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں تنزلی دیکھنے میں آئی ہے اور لوگوں کا اس شعبے سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔

حمزہ مجید چوہدری کی قیادت میں او زی گروپ مختلف شعبوں میں اپنی موجودگی قائم کرچکا ہے۔ گروپ سے وابستہ برانڈز، جن میں وائز مارکیٹ بھی شامل ہے، کاروباری دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ حمزہ مجید کا گروپ لاہور کی بلند ترین عمارت بھی تعمیر کر رہا ہے جس پر کام جاری ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کیلئے بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل، 10 پارٹیاں اہل قرار

پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ حمزہ مجید چوہدری بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں بھی شامل رہے ہیں۔ ان کی جانب سے برطانیہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی اسپانسرشپ بھی کی جاچکی ہے، تاہم پی ایس ایل ٹیم کو خرید کر انہوں نے اس کھیل میں بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مقامی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے آسٹریلیا کی ڈویژنل کرکٹ کو پاکستان میں متعارف کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں توسیع سے لیگ کی تجارتی اہمیت میں اضافہ، علاقائی نمائندگی میں بہتری اور عالمی سطح پر شناخت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ بولی کے آئندہ مراحل میں لیگ کے مستقبل کے ڈھانچے اور سمت سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

او زی ڈیولپرز کی کامیابی کے ساتھ ہی سیالکوٹ نے ملک کی سب سے بڑی ٹی20 لیگ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ لیا ہے۔ یہ فرنچائز شہر کی نمائندگی کرے گی جو عالمی سطح پر کرکٹ اور اسپورٹس سامان سازی کے حوالے سے اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔

مزید خبریں