اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اس وقت لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو امید ہے کہ شاہین مکمل فٹ ہو کر آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی ری ہیب پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں جاری ہے، جہاں ان کی فٹنس، گھٹنے کی کیفیت اور ورک لوڈ کا باقاعدہ اسسمنٹ کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل ٹیم مرحلہ وار بنیادوں پر ان کی ریکوری کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچتے ہوئے انہیں مکمل طور پر فٹ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی تکلیف کے باعث آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے دستبردار ہو گئے تھے۔ انجری کے باعث وہ لیگ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے، جس کے بعد ان کی جگہ پاکستان ہی کے فاسٹ بولر زمان خان نے برسبین ہیٹ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
برسبین ہیٹ کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ زمان خان کو شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق زمان خان ہفتے کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹرعماد وسیم نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی
زمان خان اپنی رفتار اور ڈیتھ اوورز میں مؤثر بولنگ کے باعث شہرت رکھتے ہیں، جبکہ حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کی شمولیت کو برسبین ہیٹ کے لیے اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی صحت اور فٹنس اولین ترجیح ہے اور انہیں مکمل طور پر فٹ کیے بغیر میدان میں اتارنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ بورڈ کو امید ہے کہ شاہین کی بروقت اور مکمل ریکوری قومی ٹیم کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔











