سڈنی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے بعد اب بابر اعظم نے ایک اور بڑا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، جو اس سے قبل بھارتی سپر اسٹار ویرات کوہلی کے نام تھا۔
بابر اعظم نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل 15) میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی تھنڈر کے خلاف میچ میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
اس نصف سنچری کے ساتھ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی اننگز کھیلتے ہوئے 50 یا اس سے زائد اسکورز کی تعداد 63 تک پہنچا دی، یوں وہ ویرات کوہلی کے ہم پلہ ہو گئے۔
مزید پڑھیں: بابراعظم کی اپنے خواب اور یادگار لمحے کے بارے میں لب کشائی
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر نے یہ کارنامہ صرف 163 اننگز میں انجام دیا، جبکہ ویرات کوہلی نے اسی تعداد کے لیے 216 اننگز کھیلیں۔ اس فہرست میں ڈیوڈ وارنر اور جوس بٹلر 58، 58 نصف سنچریوں کے ساتھ بابر اور کوہلی سے پیچھے ہیں۔
میچ کی بات کریں تو ڈینئیل ہیوز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاور پلے میں انہوں نے اسٹرائیک روٹیٹ کی اور جوش فلپے کو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا۔ دونوں کے درمیان شاندار سنچری پارٹنرشپ قائم ہوئی جو سڈنی سکسرزکے بڑے اسکور کی بنیاد بنی۔
بابر اعظم نے اننگز کے آخری حصے میں اسکورنگ ریٹ بڑھایا اور کلاسیکل آف سائیڈ شاٹس کے ساتھ ساتھ سیدھے گراؤنڈ میں خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔ وہ 18ویں اوور میں ریس ٹوپلے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، تاہم اس وقت تک سڈنی سکسرز 198 رنز بنا چکی تھی۔











