بدھ,  10 دسمبر 2025ء
لاگت اور تماشائیوں کی گنجائش کتنی؟ اسلام آباد میں بننے والے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں نئے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی مکمل تفصیلی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ آفیشل دستاویزات کے مطابق اس میگا پروجیکٹ پر تقریباً 12 ارب روپے لاگت آئے گی، جو وفاقی دارالحکومت کے اسپورٹس ڈھانچے میں انقلابی اضافہ ثابت ہوگا۔

اسٹیڈیم اسلام آباد کے سیکٹر ڈی-12 کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر کیا جائے گا، جس کے باعث اسے قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ایک مرکزی اور نمایاں لوکیشن حاصل ہوگی۔ حکام کے مطابق تجویز کردہ اسٹیڈیم کی نشستوں کی گنجائش 25 ہزار ہوگی جبکہ گراونڈ کا پچ ڈائیامیٹر 148 میٹر رکھا گیا ہے۔

اسٹیڈیم کا ڈیزائن دنیا کے جدید ترین کرکٹ وینیوز، خصوصاً دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم سے متاثر ہے۔ تین منزلوں پر مشتمل اسٹیڈیم میں نچلا حصہ عام تماشائیوں کے لیے، درمیانی حصہ وی آئی پی اور پریمیئم نشستوں کے لیے جبکہ اوپری حصہ سایہ دار نشستوں پر مشتمل ہوگا۔

سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ ڈیزائن میں شائقین کی آمد و رفت کو مؤثر بنانے، میدان کا واضح نظارہ یقینی بنانے اور میچ ڈے کے مجموعی تجربے کو عالمی معیار کا بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

جدید سہولیات میں سب سے نمایاں ’’رِنگ آف فائر‘‘ ایل ای ڈی لائٹنگ سسٹم ہے، جو دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر اسٹیڈیم کی چھت کے گرد نصب ہوگا۔ روایتی بلند فلڈ لائٹ ٹاورز کی جگہ یہ نظام یکساں روشنی فراہم کرے گا اور میدان میں سائے کم کرے گا۔ حکام کے مطابق MUSCO اسپورٹس لائٹنگ کو معیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ 2026،پاک بھارت میچ 15 فروری کو ہوگا

چھت کے لیے مختلف عالمی معیار کے ڈیزائن زیرِ غور ہیں، سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیڈیم اسلام آباد کی ایک نئی شناخت بنے گا اور پاکستان کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گا کہ وہ مستقبل میں بڑے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کر سکے۔

حکام کو یقین ہے کہ اپنی لوکیشن اور جدید تعمیراتی معیار کے باعث یہ مقام جلد ہی وفاقی دارالحکومت کا نمایاں ترین اسپورٹس اور آرکیٹیکچرل لینڈ مارک بن جائے گا۔

مزید خبریں