جمعه,  31 اکتوبر 2025ء
بیس بال فیڈریشن کا فخرشاہ پر پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنیکا اعلان

اسلام آباد(محمد زاہد خان) بیس بال فیڈریشن کا فخرشاہ پر پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنیکا اعلان، تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کے انتخابات رواں برس کے آخر میں پی ایس بی سپورٹس پالیسی کے تحت کرائے جائیں گے حمود لکھوی کو پی ایس بی اور منسلک یونٹس سے رابطوں کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ شوکت جاوید کی زیرصدارت پی ایف بی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، فخرشاہ کو ساؤتھ ایشین بیس بال فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

پاکستان فیڈریشن بیس بال (پی ایف بی) نے سید فخر علی شاہ پر عائد پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنیکا اعلان کرتے ہوئے سنیئر نائب صدر حمود لکھوی کو پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور تمام منسلک یونٹس کیساتھ رابطوں کی ذمہ داری سونپ دی۔ پی ایف بی نے فخر شاہ کو ساؤتھ ایشین بیس بال فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور فیڈریشن کے انتخابات رواں سال کے آخر میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی سپورٹس پالیسی اور پی او اے کی رہنمائی میں کرانے کا اعلان کیا۔ پی ایف بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس فیڈریشن کے صدر شوکت جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ شوکت جاوید نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکریٹری جنرل سید فخر علی شاہ پر پابندی عائد کر دی ہے جس پر بحث کے بعد ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے کہ سید فخر علی شاہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر برقرار رہیں گے کیونکہ ان پر فیڈریشن یا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کوئی پابندی نہیں لگائی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے فیصلے کے خلاف سید فخر علی شاہ خود اپیل کریں گے جب کہ فیڈریشن اس فیصلے کے خلاف الگ سے اپیل دائر کرے گی۔ ایوان نے متفقہ طور پر اس بات کی منظوری دی کہ فیڈریشن کے انتخابات اس سال کے آخر میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی سپورٹس پالیسی کے مطابق اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی رہنمائی میں اگلے جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران کرائے جائیں گے۔ اس دوران فیڈریشن کی جانب سے، ڈاکٹر محمد حمود لکھوی، سینئر نائب صدر، پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) اور پاکستان کے اندر منسلک تمام یونٹس کے ساتھ رابطہ و خط و کتابت کرنے کے مجاز ہونگے۔ مزید برآں، طاہر محمود کی طرف سے پیش کردہ قرارداد پر ایوان نے متفقہ طور پر سید فخر شاہ کی نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بیس بال کی ترقی اور فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہاؤس نے سید فخر علی شاہ کو ساؤتھ ایشین بیس بال سافٹ بال فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ سید فخر علی شاہ کی گزشتہ 8 برسوں میں انتھک محنت سے نہ پاکستان بلکہ بیرون ملک پاکستانی و بیس بال حلقے بے حد متاثر ہیں کیونکہ ان ہی کاوشوں کی بدولت پاکستان نے نہ صرف اپنی رینکنگ بہتر کی جبکہ مختلف مین و وومین ایونٹس میں گولڈ، سلور اور برونز میڈلز حاصل کیئے اور ایڈوانس ایونٹس کے لیئے کوالیفائی بھی کیا۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بوائز و گرلز کھلاڑیوں کو جاپان، امریکہ اور دوسرے ممالک میں تعلیمی سکالرشپ اور بیس بال کوچنگ کی سہولیات بہم پہنچنے کا سلسلہ کامیابی سے شروع کرایا۔

مزید پڑھیں: ایشز سیریز ، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز پہلے ٹیسٹ سے باہر

مزید خبریں