بدھ,  15 اکتوبر 2025ء
پاکستانی بائولرز کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے پہلا ٹیسٹ جیت لیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93  رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔

ٹونی ڈی زورزی اور رائن ریکلٹن نے 51 رنز کے مجموعی اسکور پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا، لیکن ٹونی ڈی زورزی 16 کے انفرادی اسکور پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی ڈی زوزی پہلی اننگز میں ٹاپ اسکورر تھے۔

55 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقہ ( pak vs south africa ) کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی، ٹریسٹن دو رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 128 کے مجموعی اسکور پر گری، ڈیوالڈ بریوس 54 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چھٹی وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری ، رائن ریکلٹن 45 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقہ کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے تھے، کھانے کے وقفے کے بعد سینورن متھوسامی چھ رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ 173 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔

183 رنز کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقہ کے نویں کھلاڑی کو شاہین آفریدی نے بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔ آخری وکٹ بھی شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ فائنل: پاکستان کیخلاف میچ سے قبل بھارتی کوچ کا 2 اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر خدشات کا اظہار

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین آفریدی نے چار چار جبکہ ساجد خان نے دو  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے۔

کپتان ایڈن مارکرام تین اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تاہم پہلی اننگز کے ٹاپ اسکوررز ٹونی ڈی زورزی 16 اور رائن ریکلٹن 29 کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی،پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے امام الحق بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم 42، عبداللہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم گزشتہ روز 269 پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔

نعمان علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کو 109 رنز کی پہلی اننگز میں برتری دلوائی، پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے ٹونی ڈی زورزی 104 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے، امام الحق اور سلمان آغا 93، 93 جبکہ کپتان شان مسعود 76 اور محمد رضوان 75 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

مزید خبریں