اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے چیئرمین محمد عامر صدیقی اور انٹرنیشنل کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے بورڈ ممبر محمد راشد کی اجازت سے ایک عظیم الشان انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹیپ بال ایونٹ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس تاریخی ایونٹ کی تمام تر ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل کامسیٹس یونیورسٹی محمد ریان کو سونپ دی گئی ہے۔
اس ایونٹ میں پاکستان بھر کی 16 یونیورسٹیاں شرکت کریں گی، جسے ملک کا اب تک کا سب سے بڑا انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹیپ بال ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ 13 سے 15 اکتوبر 2025 کو کامسیٹس یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا۔
اس ایونٹ کے چیف گیسٹ محمد راشد ہوں گے، جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے بورڈ ممبر ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے سیکرٹری جنرل محمد اشتیاق کیانی نے کہا ہے کہ:
“ہم نے یہ اہم ذمہ داری بڑی سوچ سمجھ کر محمد ریان کو دی ہے، خواہ ایونٹ لڑکوں کا ہو یا لڑکیوں کا، تمام انتظامی اُمور کے انچارج وہی ہوں گے۔”
ایونٹ کی میزبانی میں کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے صدر نقاش جٹ اور ان کی ٹیم بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نقاش جٹ نے اپنے بیان میں کہا:
“میں اپنی مکمل ٹیم کے ساتھ اس انٹر یونیورسٹی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔”
ڈائریکٹر جنرل کامسیٹس یونیورسٹی محمد ریان نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا:
“میں چیئرمین عامر صدیقی، بورڈ ممبر محمد راشد، سیکرٹری جنرل اشتیاق کیانی اور صدر نقاش جٹ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ہم اس ایونٹ کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار اور سب سے بڑا ایونٹ بنائیں گے۔”
انٹرنیشنل کرکٹ ٹیپ بال کونسل کے بورڈ ممبر محمد راشد کا کہنا تھا کہ:
“ہم نہ صرف اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں گے بلکہ مستقبل میں بچوں کے لیے بین الاقوامی سطح کے ایونٹس بھی منعقد کریں گے، جن میں سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔”
یہ ایونٹ نہ صرف کھیل کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھے گا۔