دبئی(روشن پاکستان نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جولائی 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ شبمن گل کو قرار دیا گیا ہے۔ 25 سالہ شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار بیٹنگ سے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
تین ٹیسٹ میچز میں شبمن گل نے 754 رنز 75 کی اوسط سے اسکور کیے۔ جن میں ایک ڈبل سنچری اور دو سنچریاں شامل ہیں۔ ایجبسٹن ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی اننگز کھیل کر انہوں نے بھارت کو 336 رنز سے تاریخی فتح دلائی۔
اس دوران شبمن گل انگلینڈ میں ٹیسٹ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کپتان اور بیرون ملک یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے کپتان بن گئے۔ انہوں نے سنیل گواسکر اور سچن ٹینڈولکر کے پرانے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان
شبمن گل آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز چار بار جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اسے اپنے کیریئر اور بطور کپتان اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے شبمن گل کے ساتھ انگلینڈ کے بین اسٹوکس اور جنوبی افریقہ کے ویان ملڈر کو نامزد کیا تھا۔