اسلام آباد (محمد زاہد خان) آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمنز نے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے 62 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ شوال نے 33 اور منیبہ نے 27 رنز بنائے۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں ایمان فاطمہ (23)، کپتان فاطمہ ثنا (23) اور نتالیہ پرویز (31) شامل رہیں۔
آئرلینڈ کی جانب سے لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں آئرلینڈ نے 169 رنز کا ہدف 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اگرچہ آغاز میں آئرش ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور 35 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر گئیں، تاہم اورلا پرینڈرگاسٹ اور لارا ڈیلینی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔
پرینڈرگاسٹ نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ڈیلینی نے 42 رنز اسکور کیے۔ ریبیکا سٹوکل نے ناقابل شکست 34 رنز بنائے اور آخری گیند پر جین میگائر کے چھکے نے آئرلینڈ کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ نے پہلا میچ 11 رنز سے جیتا تھا اور اب 0-2 کی برتری کے ساتھ سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔ تیسرا اور آخری میچ محض رسمی حیثیت رکھتا ہے، جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔