هفته,  09  اگست 2025ء
کیا بھارتی ٹیم کو ون ڈے کا نیا کپتان ملنے والا ہے؟ سابق کرکٹر نے نام بتا دیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے بھارت کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز شبمن گل کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے کہ وہ جلد ہی بھارتی ون ڈے ٹیم کے کپتان بن سکتے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق بھارتی ٹیم نے شبمن گل کی کپتانی میں انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد سے شبمن گل کے ون ڈے ٹیم کے کپتان بننے کی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

اگرچہ اس وقت روہت شرما بھارتی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ سوریہ کمار یادیو ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہیں۔

دورہ انگلینڈ سے قبل جب شبمن گل کو بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تو کئی تجربہ کاروں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ کئی سینئر کرکٹرز کے تجربے کو نظر انداز کر کے گل کو کپتان بنایا گیا ہے، جو درست نہیں۔

تاہم شبمن گل نے انگلینڈ دورے پر ان خدشات کو دور کر دیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف سیریز میں سب سے زیادہ 754 رنز بنائے بلکہ سیریز بھی 2-2 سے برابر کر دی۔

مزید پڑھیں: لاہور: جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پر پولیس کا چھاپہ، ہزاروں بوتلیں، کیمیکلز اور مشینری برآمد

سابق کرکٹر محمد کیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر انگلینڈ میں سیریز ڈرا کرنے پر بھارتی ٹیم اور کپتان شبمن گل کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ شبمن گل کو ون ڈے کی کپتانی بھی ملے گی کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ روہت شرما کب تک کپتان رہیں گے۔ گل تیار ہیں وہ وائٹ بال کرکٹ میں رنز بناتے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں بطور کپتان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی قیادت کی۔

محمد کیف نے کہا کہ جب آپ نوجوان ٹیم کے ساتھ جاتے ہیں تو آپ کو 2 کام کرنے ہوتے ہیں۔ پہلا خود رنز بنائیں اور دوسرا بطور کپتان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، مجموعی طور پر یہ اس کے لیے بہت اچھا دورہ تھا۔

شبمن گل جب کپتان بنے تو کئی سوالات اٹھائے گئے کہ انہیں کپتان کیوں بنایا گیا؟ خاص طور پر ان کے ٹیسٹ ریکارڈ کی بات کی جاتی تھی لیکن اب سب کچھ پیچھے رہ گیا ہے۔

بھارتی ون ڈے ٹیم کی بات کریں تو باقاعدہ کپتان روہت شرما اب صرف اسی فارمیٹ میں کھیلتے ہیں کیونکہ وہ ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

ایسے میں روہت شرما کے ون ڈے کیریئر کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ آیا وہ ٹیسٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں کپتان رہیں گے یا نہیں۔

مزید خبریں