منگل,  29 جولائی 2025ء
بھارت-انگلینڈ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی شرٹ پہننے پر شائق کو اسٹیڈیم سے نکال دیا گیا، لیکن کیوں؟

مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز) اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے گئے بھارت اور انگلینڈ کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہنے ایک شائق، فاروق نذر، کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔ فاروق نذر کا کہنا ہے کہ وہ صرف میچ دیکھنے آئے تھے اور کرکٹ سے محبت کے اظہار کے طور پر پاکستانی ٹیم کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ تاہم، سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے کہا کہ یا تو شرٹ اتاریں یا اسٹیڈیم چھوڑ دیں۔ فاروق نذر کے مطابق، انہوں نے انکار کیا تو انہیں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔

فاروق نذر نے اس واقعے کی شکایت انگلش کرکٹ بورڈ اور مقامی انتظامیہ کو جمع کرا دی ہے اور اسے امتیازی سلوک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک عالمی کھیل ہے جس میں شائقین کو آزادی ہونی چاہیے کہ وہ جس ٹیم کی حمایت کرنا چاہیں، کر سکیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی بھارتی یا انگلش مداح کو بھی ایسی پابندیوں کا سامنا ہوتا ہے؟

ویڈیو پیغام میں فاروق نذر نے چیئرمین پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فورم پر اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ صرف ایک شائق کے ساتھ زیادتی نہیں، بلکہ کھیل کی روح اور غیر جانبداری کے اصولوں کے خلاف ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلا جانے والا چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا، جبکہ پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: ایران پر امریکی دباؤ، پاکستان سے محبت: اصل میں امریکی مفادات کا کھیل؟

مزید خبریں