پیر,  21 جولائی 2025ء
پاکستان سپورٹس بورڈ میں سزا یافتہ افسران کو مالیاتی اختیارات دینے پر سی بی اے یونین کا شدید احتجاج

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (CBA) نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں سزا یافتہ ملازمین کو اہم اور حساس عہدوں پر تعینات کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ یونین نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناء اللہ، کو ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں سنگین انتظامی بے ضابطگیوں، جعلسازی اور مبینہ کرپشن کے الزامات اٹھائے گئے ہیں۔

یونین کے مطابق، پاکستان سپورٹس بورڈ کے دو سابق ملازمین، نصراللہ رانا (سابق انسٹرکٹر BPS-18) اور موسیٰ حسیب (سابق سپرنٹنڈنٹ BPS-17)، پر ایئر کنڈیشنرز کی چوری کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ انکوائری اور اعتراف جرم کے بعد دونوں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، تاہم بعد میں سزا میں نرمی کرتے ہوئے انہیں محدود اختیارات کے ساتھ بحال کر دیا گیا۔

یونین کا الزام ہے کہ موجودہ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان افسران کو دوبارہ نہ صرف اعلیٰ عہدوں پر تعینات کر دیا بلکہ انہیں حساس مالیاتی اختیارات بھی دے دیے گئے۔ نصراللہ رانا کو ڈائریکٹر (نیشنل فیڈریشن) اور موسیٰ حسیب کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پروکیورمنٹ) کے اختیارات سونپ دیے گئے، جو کہ یونین کے مطابق، میرٹ، اعتماد اور شفاف ریکارڈ کے اصولوں کے منافی ہے۔

یونین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نصراللہ رانا نے ترقیاتی عمل میں اپنی ACR میں جعلسازی کرکے غیر قانونی طور پر سینیارٹی حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس جعلسازی میں PSB کے سابق ڈی جی کے جعلی دستخط استعمال کیے گئے۔ اس کے باوجود، ان کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

یونین نے مزید الزام لگایا کہ نصراللہ رانا نے نیشنل ٹریننگ کیمپ کے کھلاڑیوں کے فوڈ بلز کلیئر کروانے کے بدلے مبینہ طور پر ایک کنٹریکٹر سے رشوت طلب کی، تاہم بعد میں کنٹریکٹر پر بیان واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

CBA یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ سزا یافتہ افسران سے فوری طور پر تمام اضافی اختیارات واپس لیے جائیں، انہیں صرف ان کے اصل عہدوں پر تعینات کیا جائے، ACR جعلسازی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے، اور ملوث افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ادارے کی ساکھ اور شفافیت کو بحال کیا جا سکے۔

مزید خبریں