اتوار,  20 جولائی 2025ء
پہلا ٹی 20، بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ڈھاکہ(روشن پاکستان نیوز) پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلا گیا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنائے اور 20ویں اوور میں تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ جواب میں بنگلہ دیش نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف 15.3 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بنگلہ دیش کے کھلاڑی پرویز حسین نے56 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جبکہ توحید ہری دوئے 36 ، تنزید حسن نے ایک رن بنایا۔ جاکر علی 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گر گئی۔ جب صائم ایوب 6 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے کھلاڑی محمد حارث زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے۔ وہ صرف 4 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب کپتان سلمان علی آغا صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا کے بعد آنے والے کھلاڑی حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:دورہ بنگلہ دیش کیلئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

پانچویں وکٹ کی شراکت میں صرف 5 رنز کا ہی اضافہ ہو سکا۔ اور 46 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر آنے والے فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ اور رن آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد خوشدل شاہ 103 کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عباس آفریدی 22، فہیم اشرف 5 اور سلمان مرزا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کے تاسکن احمد نے 3 جبکہ مستفیض الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے۔ کراچی میں کیمپ کے دوران اچھی تیاری رہی ۔

بنگلہ دیش کے کپتان نے کہا کہ اس پچ پر 140 کا ٹوٹل اچھا اسکور ہو گا۔

مزید خبریں