اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان نوجوانوں کے لیے ملک گیر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کے حوالے سے باقاعدہ شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا، اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے شرکت کی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 27 جون سے بلوچستان سے کیا جائے گا، جو 30 جون تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد یہ پروگرام 2 جولائی سے سندھ، 21 جولائی سے پنجاب، 29 اگست کو خیبر پختونخوا، اور 1 ستمبر سے 14 ستمبر تک کشمیر میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے منتخب ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز کے پلئیر ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا، اور انہیں تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ رانا مشہود کے مطابق حکومت اس منصوبے پر 3 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے کام کر رہی ہے، جبکہ پلئیر ڈیولپمنٹ کے لیے الگ سے فنڈنگ بھی فراہم کی جائے گی۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے مزید بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ صرف کرکٹ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ دیگر کھیلوں کے لیے بھی یہی ماڈل اپنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 شہروں میں کھیلوں کے ٹرائلز کا آغاز جلد ہوگا تاکہ ہر علاقے سے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لایا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 11 سپورٹس اکیڈمیز کو بھی رواں سال فعال کیا جائے گا۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے فرنچائز کے ساتھ 4 میں سے 3 سیزن میں کامیابی حاصل کی، جو ٹیم کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 10: ملتان سلطانزکا لاہور قلندرزکو جیت کیلئے 186 رنزکا ہدف
قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ایک مثبت قدم ہے اور اس سے حقیقی ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔