اسلام آباد کے سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے بڑی خوشخبری: 30 ہزار سپورٹس کٹس کی تقسیم، سپورٹس کمپلیکس کھول دیا گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جس میں اسلام آباد کے سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا۔

تقریب کے دوران اسلام آباد کے سرکاری سکولوں کے بچوں میں 30 ہزار ٹریک سوٹس، سپورٹس جوگرز اور مکمل سپورٹس کٹس تقسیم کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کے جسمانی و ذہنی فلاح کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس کو بھی سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا گیا، جس سے ہزاروں طلباء مستفید ہوں گے اور جدید سہولیات سے لیس اس اسپورٹس انفراسٹرکچر میں تربیت حاصل کر سکیں گے۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے فیڈرل ایجوکیشن فرح ناز اکبر، فیڈرل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن، ڈی جی سپورٹس سمیت سینکڑوں سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔

اس اقدام کو تعلیمی و کھیلوں کے میدان میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف بچوں کو جسمانی طور پر متحرک رکھنے میں مدد دے گا بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

مزید خبریں