جمعرات,  05 جون 2025ء
آر سی ایل سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں کوشاں ہے: حنیف بابر

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کے زیر اہتمام کرکٹ سیزن 2024 اور 2025 کی فاتح ٹیموں میں تقسیم انعامات کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ریاض کرکٹ لیگ کی جانب سے کرکٹ سیزن 2024 اور 2025 کے دوران پانچ مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا جن کے اختتام پر تقسیم انعامات کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ونر اور رنر اپ ٹیموں سمیت بیسٹ باولرز، بیسٹ بیٹسمین اور بیسٹ آل راؤنڈرز کو میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں انعام میں دی گئیں جس پر کھلاڑیوں نے بھرپور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کا کہنا تھا کہ آر سی ایل گزشتہ کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک کے کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے کا موقع ملتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو بہتر سے بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی فرخ نسیم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ بھر میں کرکٹ تیزی سے فروغ پانے والا کھیل ہے اور جلد ہی سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم بھی آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹس کا حصہ ہوگی۔

مزید خبریں