پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں بنگلہ دیش کو کلین سوئپ کردیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) تیسرے ٹی 20 میں پاکستان نے محمد حارث کی 46 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے آخری اور تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، پاکستان نے محمد حارث کی شاندار سینچری کی بدولت 197 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن اور پرویز حسین ایمان نے ٹیم کو 110 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران پرویز نے اپنی نصف سینچری مکمل کی، وہ 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تاہم تنزید حسن 6 رنز کی کمی سے نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور 44 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ کپتان لٹن داس 22 اور توحید ہریدوئے نے 25 رنزبنائے، ذاکر علی 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 8 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اس طرح بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دے دیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے بیٹنگ کا آغاز کیا، 8 کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پھر صائم ایوب اور محمد حارث نے شراکت داری قائم کر کے اسکور کو 100 پر پہنچایا تو صائم ایوب 29 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اسی دوران محمد حارث نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

اس کے بعد 137 کے مجموعی اسکور پر حسن نواز 13 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث نے 43 گیندوں پر 107 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان آغا 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے آخری میچ میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ عباس آفریدی کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں حسن علی نے نیا اعزاز اپنے نام کر لیا

اسی طرح بنگلادیشی فاسٹ باؤلر شرف الاسلام کمر کی انجری کے باعث آج ہونیوالے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، محمد حارث ، حسن نواز، شاداب خان ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، عباس آفریدی اور ابراراحمد شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں لٹن داس ( کپتان )، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی ( وکٹ کیپر)، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود، خالد احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جبکہ مسلسل شکستوں کے سبب آئی سی سی رینکنگ میں بنگلادیشی ٹیم 10ویں پوزیشن پر آگئی ہے۔

مزید خبریں