لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان بہترین کھلاڑی ہیں اور دونوں ہماری وائٹ بال کرکٹ کے منصوبے کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھا کر کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں، مگر چند پہلوؤں میں بہتری کی ضرورت ہے، جس پر دونوں کھلاڑی محنت سے کام کررہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں صرف جارحانہ کرکٹ نہیں بلکہ اسمارٹ کرکٹ بھی کھیلنی ہوگی تاکہ ہم عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔ “ہم ٹی20 ورلڈکپ کی بھرپور تیاری کریں گے، ہر سیریز ہمارے لیے اہم ہے۔”
بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بنگلا دیش ایک مضبوط ٹیم ہے، انہیں آسان حریف نہیں سمجھتے۔ وہ اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں اور ہمیں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔
اپنے معاہدے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ان کا دو سال کا معاہدہ ہوا ہے جس میں ورلڈکپ بھی شامل ہے۔ “سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں اور مشاورت سے بڑا اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔”
مزید پڑھیں: ڈیوڈ وارنر سپر لیگ کے بقیہ میچز کھیلیں گے، آسٹریلوی میڈیا کی تصدیق
انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کا انتخاب کپتان اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیا جائے گا تاکہ ٹیم کے مفاد میں بہترین فیصلے کیے جا سکیں۔