کراچی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز نے آخری اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پیر کے روز کھیلا گیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 148 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم صائم ایوب صرف 4 رنز بنا کر میر حمزہ کا شکار بنے۔
ان کے بعد ٹام کوہلر کیڈمور کریز پر آئے، مگر وہ بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت پشاور کا اسکور 6.5 اوورز میں 36/2 تھا۔
بابر اعظم نے 41 گیندوں پر 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور محمد حارث کے ساتھ 31 رنز کی شراکت قائم کی۔ بعد ازاں حسین طلعت نے 18 اور مچ اووَن نے 5 رنز بنائے۔
الزاری جوزف نے آخر میں 13 گیندوں پر 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، اور پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 147/8 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے تین، جبکہ میر حمزہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز انداز میں ہدف حاصل کیا اور میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا۔ ٹیم نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے قیمتی پوائنٹس اپنے نام کیے۔
دونوں ٹیموں نے گزشتہ میچز میں کھیلنے والے اسکواڈ کو ہی برقرار رکھا تھا۔
پشاور زلمی: بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، مچ اووَن، عبدالصمد، لیوک ووڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب، علی رضا۔
کراچی کنگز: ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ وارنر (کپتان)، جیمز ونس، سعد بیگ، خوشدل شاہ، عرفان خان، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ۔
اس جیت کے بعد کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گئی ہے، جنہوں نے اپنے چار میں سے دو میچز جیتے ہیں۔ پشاور زلمی پانچویں نمبر پر ہے، جنہیں تین میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی ملی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کنگز کو اپنے گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں انہوں نے 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔
مزید پڑھیں: اتحاد ایئرویز کا کراچی کیلئے پروازوں کی تعداد دوگنا کرنے کا اعلان
اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک کے تمام چار میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔