منگل,  25 فروری 2025ء
عمران خان نے جیل میں پاکستان کا میچ دیکھا، ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا: علیمہ خان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پا پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان کا میچ دیکھا، ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو آج سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کا میچ دیکھا، میچ ہارنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے سارا غصہ آج کرکٹ پر اتارا اور انہوں نے میچ ہارنے پر بڑے دکھ کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میرے متعلق صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔

علیمہ خان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی، محسن نقوی سے پوچھا جائے اس کو کرکٹ کا کیا تجربہ ہے؟

عمران خان کی صحت کے حوالے سے ہمشیرہ کا کہنا تھاکہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے خبر نکالی گئی کہ بانی پی ٹی آئی بے ہوش کر گر پڑے، بانی پی ٹی آئی اس بات پر ہنسے ہیں، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، قاسم خان سوری ملک سے باہر ہے ان کو کیا پتا۔

میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کرکٹ کو تباہ کردیا گیا ہے، کرکٹ ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ بڑا میلہ

انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی بہت افسردہ ہیں،  کرکٹ کے ساتھ پاکستان کے عوام کی وابستگی ہے، پچھلے چند سالوں میں کرکٹ کو مذاق بنا دیا گیا۔

خیال رہے کہ 23 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی اور یہ ایونٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل دوسری شکست تھی اور اب پاکستان ایونٹ سے باہر ہوچکا ہے۔

مزید خبریں