پیر,  24 فروری 2025ء
اسلام آباد میں سالانہ باڈی بلڈنگ مقابلے، یحییٰ سردار اور شایان نے ٹائٹلز جیت لئے

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ باڈی بلڈنگ مقابلے کامیابی سے اختتام پذیر ہوئے، جہاں یحییٰ سردار نے سینئر مسٹر فزیک اسلام آباد کا ٹائٹل جیتا، جبکہ شایان نے جونیئر کیٹگری میں فتح حاصل کی۔

یہ شاندار مقابلے ابپارہ کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوئے، جن کی سرپرستی اسلام آباد باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری شفیق اور چیئرمین سید نعمان شاہ نے کی۔ مقابلوں میں باڈی بلڈرز کی زبردست محنت اور جوش و جذبہ دیکھنے کو ملا، اور کمیونٹی سینٹر کا ہال تماشائیوں اور سپورٹرز سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

مہمان خصوصی، پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے یحییٰ سردار کی جیت پر ان کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔ طارق فضل چوہدری نے جیتنے والوں میں نقد انعامات، شیلڈز اور توصیفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد چوہدری رفعت جاوید ایڈوکیٹ بھی موجود تھے، اور معروف باڈی بلڈرز شوکت شہزاد، محمد عظیم اور زاہد ندیم نے ججز کے فرائض سرانجام دیے۔

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسلام آباد میں سپورٹس سٹی کے قیام کے لئے باڈی بلڈنگ کے فروغ میں مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں اور اس کے لیے شفیق چوہدری کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

اس کے علاوہ سید نعمان شاہ، جو کئی دہائیوں سے شفیق چوہدری کے ساتھ اسلام آباد میں باڈی بلڈنگ کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں، نے کامیاب باڈی بلڈرز کو میڈلز دینے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ پرورش پاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں باڈی بلڈنگ کا درخت کافی محنت سے اگایا گیا تھا، اور اب وہ تناور درخت بن چکا ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند فضا اور مثبت سرگرمیوں کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ آج اسلام آباد میں تقریباً ایک ہزار فٹنس سینٹرز ہیں، جہاں نوجوانوں کو جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ کردار سازی کا بھی موقع مل رہا ہے۔

مقابلے کے اختتام پر سابق وفاقی سیکرٹری حبیب الرحمن، کرنل عبید راجہ، فواد ملک، احمد علی، ڈاکٹر علی شوزب کاظمی، اور عمران رنداوا نے بھی کامیاب باڈی بلڈرز کو میڈلز پہنائے۔ اس موقع پر محمد عظیم اور شیر علی خان نے گیسٹ پوزنگ بھی کیں، جس سے محفل میں مزید رونق آئی۔

یہ مقابلے نہ صرف باڈی بلڈنگ کے شائقین کے لیے ایک اہم موقع تھے، بلکہ اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوئے۔

مزید خبریں