جمعرات,  20 فروری 2025ء
شاہی قلعہ میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب،لائٹ شو اور آتش بازی کا شاندارمظاہرہ

لاہور(روشن پاکستان نیوز) شاہی قلعہ لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں سابق و موجودہ کرکٹرز ، آئی سی سی عہدیداروں ودیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس ٹورنامنٹ کو دیکھ رہی ہے،پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے،4ٹیمیں اب تک پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آئندہ48 گھنٹوں میں پاکستان پہنچیں گی،چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیم بنائے ہیں،ہمارے ساتھ تعاون کرنے پر آئی سی سی کا شکرگزار ہوں،تمام سیکیورٹی ایجنسیوں، پنجاب اور سندھ حکومت کا بھی شکرگزار ہوں۔

سی ای او آئی سی سی جیف آلڈرائس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں،جس پر چیئرمین پی سی بی کا شکرگزار ہوں۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی،یونس خان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو بطور مینٹور جوائن کرلیا

یقین نہیں ہورہا قذافی اسٹیڈیم صرف 117 روز میں مکمل کیا گیا،میری نیک تمنائیں تمام ٹیموں کے ساتھ ہیں،امید ہے بہترین ٹیم 9 مارچ کو سفید جیکٹ زیب تن کرے گی۔

تقریب میں کوک اسٹوڈیو کے تعاون سے شے گل سمیت مختلف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا،لائٹ شو اور اختتام پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، پاکستان ، بھارت سمیت 8 ٹیموں کی جرسیوں کی لیزر لائٹ سے رونمائی کی گئی۔

مزید خبریں