اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں پاکستانی ٹیم آخری پوزیشن پر چلی گئی۔
مسلسل شکستوں اور ہوم گراؤنڈ پر ناقص کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے بھی پیچھے رہ گئی ہے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 120 رنز سے شکست ہوئی، جس نے پاکستان کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئین شپ اسٹینڈنگ میں آخری نمبر پر پہنچا دیا۔
سال 2023 سے 2025 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ دورانیے میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس مایوس کن رہی،پاکستانی ٹیم نے 14 ٹیسٹ میچز میں سے 5 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
سلو اوور ریٹ پر پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا بھی کرنا پڑا، پاکستان کی پرسنٹیج 27.98 ہے اور وہ آخری پوزیشن پر ہے۔
جنوبی افریقہ پہلی پوزیشن پر ہے، اس نے بارہ ٹیسٹ میچ کھیلیں ہے اور اس نے آٹھ میں فتح حاصل کی، تین میں ناکامی اور ایک برابر ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔ جنوبی افریقہ 69.44 پرسنٹیج اور 100 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
آسٹریلیا نے 17 میچوں میں 11 جیتے ہیں اور 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، دو میچ ڈرا ہوئے، 63.73 پرسنٹیج کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل بھی انہی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
بھارت نے 19 ٹیسٹ میچ کھیلے، 9 میں اسے کامیابی حاصل ہوئی، 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2 میچ ڈرا ہوئے، 50.00 پرسنٹیج کے ساتھ بھارت تیسری پوزیشن پر ہے۔ چوتھی پوزیشن پر نیوزی لینڈ، پانچویں پر سری لنکا، چھٹی پوزیشن پر انگلینڈ ہے۔
بنگلہ دیش نے 12 ٹیسٹ میچ کھیلے، چار میں اسے فتح حاصل ہوئی اور آٹھ میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 31.25 پرسنٹیج کے ساتھ وہ ساتویں پوزیشن پر ہے، ویسٹ انڈیز کا آٹھواں نمبر ہے جبکہ پاکستان ان دونوں ملکوں سے بھی پیچھے رہ گیا ہے، پاکستان آخری پوزیشن پر موجود ہے۔