دبئی(روشن پاکستن نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی اور روہت شرما اتنی کرکٹ کھیل چکے ہیں کہ ان کی فارم کو نہیں ان کے معیار کو دیکھ کر تیاری کرتے ہیں، ان کے اگر کچھ میچز برے ہوئے یا فارم نہ ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کو آسان سمجھیں گے۔
آن لائن پریس کانفرنس میں فخر زمان کا کہنا تھاکہ دبئی کی وکٹیں اب پہلے کی طرح سلو نہیں ہوتیں، گراؤنڈ اسٹاف پر منحصر ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیسی وکٹیں ہوتی ہیں، ہر جگہ پر فلیٹ وکٹس ہونا اچھی بات نہیں ہوتی، مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا چاہیے، انٹرنیشنل لیول پر کھیلنے والا ہر کھلاڑی میچ ونر ہی ہوتا ہے اس لیے وہ اپنی قومی ٹیم کیلئے کھیلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری نظر میں ہاردک پانڈیا، ویرات کوہلی اور روہت شرما بھارت کیلئے اہم پلیئرز ثابت ہوں گے، جسپریت بمرا ورلڈ کلاس بولر ہے، کسی ایک پلیئر کیلئے تیاری نہیں ہوتی، پورے گیارہ کیلئے تیاری کرتے ہیں۔
فخر زمان کا کہنا تھاکہ ہم بھی اپنی تیاری کررہے ہیں اور یقینی طور پر انڈین پلیئِرز بھی اپنی تیاری کررہے ہوں گے، ویرات اور روہت اتنی کرکٹ کھیل چکے ہیں کہ ان کی فارم کو نہیں ان کے معیار کو دیکھ کر تیاری کرتے ہیں، ان کے اگر کچھ میچز برے ہوئے یا فارم نہ ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کو آسان سمجھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ زیادہ مسئلہ بنادیتے ہیں جب بڑے پلیئرز آؤٹ آف فارم ہوتے ہیں، ہم ان پلیئرز کو ویسے ہی ٹریٹ کرتے ہیں کہ وہ ٹاپ پلیئر ہیں، آئی سی سی ایونٹس میں وکٹیں زیادہ چیلنجنگ نہیں ہوتی بطور کرکٹر ہم اپنے کیرئیر میں یہی سیکھتے ہیں کہ کچھ بھی ہو ہمیں کھیل پر فوکس رکھنا ہے۔
قومی بیٹر کا کہنا تھاکہ بھارتی ٹیم پاکستان آتی تو اچھا ہوتا لیکن یہ چیزیں ہمارے کنٹرول میں نہیں، ہمارے کنٹرول میں یہی ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں، بھارت کے خلاف میچ میں ہوم کراؤڈ کی کمی محسوس ہوگی لیکن امید ہے دبئی میں بھی سپورٹ کی امید ہے، کراؤڈ کی سپورٹ اپنی جگہ اہم ہے لیکن سب سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم بطور ٹیم گراؤنڈ میں کیسا پرفارم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور سے بات چیت سیکیورٹی معاملات کے تناظر میں ہوئی، سیکیورٹی ذرائع
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں میری اچھی تیاری ہورہی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کا دنیا کی کسی بھی لیگ سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، ڈومیسٹک میچز کھیلے ہیں، لیگ کھیل رہا ہوں، فٹنس اور فارم دونوں ٹھیک ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 سے متعلق فخرزمان کا کہنا تھاکہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل اور سنچری کی یادیں ہمیشہ تازہ رہیں گے، 2017 چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم کا مورال ڈاؤن تھا لیکن پاکستان نے شاندار پرفارم کیا تھا، فائنل میں انڈیا کے خلاف میچ میں ہمارا دن تھا۔