اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے سے ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو 2024 کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کے آخری 12 ٹیسٹ میں سے 8 میں ڈراپ یا آرام دیا گیا تھا۔
سلیکٹرز کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ دونوں کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ شاہین اور یہاں تک کہ نسیم بھی چیمپئنز ٹرافی میں اپنا بہترین مظاہرہ کریں کیونکہ یہ 50 اوور کا مقابلہ ہے اور ہم دفاعی چیمپئن ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو جاری بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھیلنے کے لیے این او سی جاری کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی تھی جبکہ اسی وقت جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سیریز جاری تھی۔
مزید پڑھیں: سابق کپتان محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ پر برس پڑے
سلیکٹرز نے تیز گیند باز نسیم شاہ، میر حمزہ، محمد عباس اور عامر جمال کو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا حالانکہ وہ جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی سیریز میں ٹیم کا حصہ تھےجبکہ پاکستان اس سیریز کے دونوں میچ میں ہار گیا تھا۔