جمعه,  18 اکتوبر 2024ء
نعمان اور ساجد خان کی شاندار بائولنگ، پاکستان دوسرا ٹیسٹ 152 رنز سے جیت گیا

ملتان(روشن پاکستان نیوز) پاکستان نے ملتان میں کھیلے جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ جیت لیا، نعمان اور ساجد خان نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا۔

انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغازکیا۔ آغاز میں ہی انگلینڈ کی ٹیم کو ایک نقصان اٹھانا پڑ گیا، 37 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ اولی پوپ کی گری، وہ 22 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کا مجموعی اسکور 44 ہوا تھا کہ جوروٹ 18 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 78 رنز کے اسکور پر گری، ہیری بروک نے 16 رنز بنائے اور نعمان علی نے انہیں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔

جیمی اسمتھ بھی نعمان علی کا شکار بنے، انہوں نے چھ رنز بنائے، نعمان علی کی گیند پر شان مسعود نے ان کا کیچ تھاما، ساتویں وکٹ 125 کے مجموعی اسکور پر گری، بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر  بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں محمد رضوان نے نعمان علی کی گیند پر اسٹمپ آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 144 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، پاکستان نے ٹیسٹ میچ 152 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان نے ٹیسٹ میچ کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کوشش کررہے ہیں پاکستان کا سافٹ امیج باہر جائے، وفاقی وزیر اطلاعات

نعمان علی نے 11 اور ساجد خان نے 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ساجد خان نے پہلی اننگز میں 7 اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

مزید خبریں