جمعرات,  19  ستمبر 2024ء
پیرس اولمپکس، چین 16 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست،تمام ممالک کی صورتحال جانیں

 

اسلام آباد (روشن پاکستا ن نیوز)پیرس اولمپکس میں چین 18 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ امریکا 14 سونے کے تمغوں سمیت 63 میڈلز کے ساتھ دوسرے اور میزبان ملک فرانس 12 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔پیرس اولمپکس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اولمپکس کے آٹھویں روز چین 18 گولڈ، 13 چاندی اور 9 کانسی کے تمغوں سمیت 40 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔

امریکا نے گزشتہ دو روز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا اور جست لگاتے ہوئے 14 گولڈ میڈلز جیت کر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ 25 سلور اور 24 کانسی کے تمغوں کے ساتھ امریکا کے میڈلز کی مجموعی تعداد 63 ہو چکی ہے۔اولمپکس کے نویں روز کے اختتام پر امریکا نے اپنی پوزیشن کو بہتر بناتے ہوئے میڈلز کی ڈور میں دوسرا نمبر حاصل کر لیا۔

فرانس 12 سونے، 14 چاندی اور 16 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا بھی اب تک 12 سونے کے تمغے جیت چکا ہے۔

چین نے اب تک ڈائیونگ اور شوٹنگ کے مقابلوں میں 4، 4 سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔

مزید ازاں، پڑوسی ملک بھارت کی میڈلز ٹیبل پر 53ویں پوزیشن ہے اور وہ اب تک تین کانسی کے تمغے جیت چکا ہے۔ بھارت کی جانب سے منو بھاکر، سربجوت سنگھ اور سوامنل کوسالے نے برونز میڈلز جیتے۔

دوسری جانب صنفی تنازع کی مرکزی کردار الجزائر کی 25 سالہ باکسر ایمان خلیف نے الجزائر کی پہلی خاتون میڈلسٹ ہونے کے اعزاز کو بھی یقینی بنا لیا ہے۔انہوں نے 66 کلوگرام کیٹیگری میں ہنگری کی اینالا ہموری کو شکست دے کر برونز میڈل کا حصول یقینی بنا لیا۔

واضح رہے پاکستان کے 7 میں سے 5 ایتھلیٹس کا پیرس اولمپکس میں سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے اور اولمپکس میں پاکستان کی میڈل کی واحد امید جیولن تھرور ارشد ندیم ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News