کراچی میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے جاری تربیتی کیمپ میں شریک دو کھلاڑی بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں معمولی زخمی ہو گئیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں کھلاڑی کراچی میں جاری کیمپ کا حصہ ہیں اور جمعے کی رات کار حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
دونوں کھلاڑیوں کے مقامی ہسپتال میں احتیاطی ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں اور پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کی رات دونوں کھلاڑی کراچی میں مقیم ساتھی کرکٹر کے ساتھ چائے پینے ہوٹل سے نکلیں کہ یوٹرن لیتے ہوئے کار فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دیگر کھلاڑی محفوظ رہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بسمہ اور غلام فاطمہ کی چوٹیں بہت معمولی تھیں اور کوئی خطرہ نہیں۔