هفته,  23 نومبر 2024ء
مسجد کا دورہ کرنے پر اے پی ڈھلون کو اسلام قبول کرنے کے مشورے

ابوظہبی(روشن پاکستان نیوز)معروف بھارتی ریپر و گلوکار امرت پال سنگھ ڈھلون المعروف اے پی ڈھلون کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسجد کا دورہ کرنے اور وہاں کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرنے کے بعد اسلام قبول کرنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔

اے پی ڈھلون نے حال ہی میں یو اے ای کی ریاست ابوظہبی کی خوبصورت شیخ زید جامع مسجد میں کھچوائی گئی اپنی تصاویر شیئر کیں۔

تصاویر میں اے پی ڈھلون کو جامع مسجد کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے عرب لباس بھی پہن رکھا ہے۔

بھارتی سکھ گلوکار نے نہ صرف عرب جبہ بلکہ کوفیہ بھی پہن رکھا تھا، جس پر بعض سکھ مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا اور لکھا کہ وہ سکھوں کا مذہبی اور روایتی لباس پگ اور کرپان (خںجر) کو بھی پہنیں۔

بھارتی گلوکار نے مسجد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں جنت لکھا، جس پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

جہاں زیادہ تر مداحوں نے انہیں مسجد کا دورہ کرنے کے بعد اسلام قبول کرنے کا مشورہ دیا، وہیں سکھ اور ہندو مداحوں نے ان سے ایسے ہی رام مندر جاکر تصاویر شیئر کرنے کی فرمائش بھی کی۔

کچھ صارفین نے اے پی ڈھلون کی تصاویر پر کمنٹس کیے کہ وہ سکھ ہیں اور انہیں اپنا مذہبی اور روایتی لباس پہننا چاہئیے۔

—اسکرین شاٹ

جہاں صارفین نے ان کی تصاویر پر دلچسپ تبصرے کیے، وہیں بعض افراد نے ان کی جانب سے مسجد کے دورے کرنے کو سراہا اور لکھا کہ ہر انسان کو تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئیے، ہر مذہب احترام اور عزت کے لائق ہوتا ہے، کوئی بھی مذہب نفرت کا درس نہیں دیتا۔

خیال رہے کہ اے پی ڈھلون نہ صرف بھارت بلکہ خلیجی ممالک اور خصوصی طور پر متحدہ عرب امارات سمیت پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔

مزید خبریں