ممبئی(روشن پاکستان نیوز) بولی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی 60ویں سالگرہ انتہائی شاندار انداز میں منائی گئی، اس موقع پر ان کے قریبی رشتہ دار، دوست اور فلم انڈسٹری کے نمایاں شخصیات شریک ہوئے۔
سالگرہ کی تقریب پنویل فارم ہاؤس میں منعقد کی گئی، جہاں سلمان خان نے میڈیا کے ساتھ کیک کاٹا اور کیک کے ٹکڑے مداحوں اور مہمانوں میں تقسیم کیے۔
تقریب میں کئی معروف شخصیات نے شرکت کی، جن میں اداکار آدتیہ رائے کپور، راکول پریت سنگھ، ہما قریشی شامل تھیں۔ علاوہ ازیں، ان کے بھائی ارباز خان اپنی اہلیہ شوریٰ خان کے ساتھ، بھتیجہ ارہان خان اور نروان خان اور بہن اربیتا خان شوہر آیوش شرما کے ساتھ موجود تھے۔
مزید پڑھیں: سجل علی اور حمزہ سہیل کی شادی؟ اداکارہ کا بیان سامنے آ گیا
اس کے علاوہ سابق کرکٹ کپتان ایم ایس دھونی اور دیگر معروف چہرے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ سلمان خان کے والدین سلیم خان اور سلمہ خان نے بھی اس خوشی کے موقع پر اپنے بیٹے کے ساتھ وقت گزارا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سالگرہ کی تقریبات کے دوران مداحوں نے خیرات کے کام بھی کیے۔ بھارت، دبئی اور عمان میں سلمان کے 200 سے زائد فین کلبز نے تقریباً 600 فلاحی سرگرمیاں منظم کیں، جسے شائقین نے بھرپور انداز میں سراہا۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے 1980 کی دہائی میں فلمی سفر کا آغاز کیا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک وہ بالی وڈ کے سب سے مقبول اداکاروں میں شمار ہوتے رہے ہیں۔ ان کی سالگرہ نہ صرف ان کے فنی کیریئر کا جشن تھی بلکہ فلم انڈسٹری میں ان کی دیرپا مقبولیت کا ثبوت بھی تھی۔











