اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ریسلنگ کی دنیا کے عظیم ترین ستاروں میں شمار ہونے والے جان سینا نے WWE کے Saturday Night’s Main Event میں اپنے 23 سالہ شاندار کیریئر کا آخری مقابلہ لڑ کر باضابطہ طور پر ان-رنگ ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اپنے فائنل میچ میں انہیں موجودہ طاقتور ریسلر گنثر کے ہاتھوں سبمیشن (سلیپر ہولڈ) کے ذریعے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ مقابلہ واشنگٹن ڈی سی کے کپیٹل ون ایرینا میں منعقد ہوا، جہاں 19 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔ میچ کے دوران جان سینا نے بھرپور مزاحمت کی اور آخری لمحے تک ڈٹے رہے، مگر گنثر نے اپنی تکنیکی برتری اور طاقت کے بل پر سینا کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔
یہ جان سینا کے کیریئر کی ایک تاریخی شکست تھی، کیونکہ وہ گزشتہ 20 برسوں میں پہلی بار کسی مقابلے میں سبمیشن کے ذریعے ہارے۔ اس لمحے نے نہ صرف میدان میں موجود شائقین بلکہ دنیا بھر کے ریسلنگ مداحوں کو جذباتی کر دیا، جنہوں نے سینا کے حق میں طویل عرصے تک تالیاں بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
جان سینا 17 بار ورلڈ چیمپئن رہ چکے ہیں اور انہیں ریسلنگ تاریخ کے گریٹ آف آل ٹائم میں شمار کیا جاتا ہے۔ اپنے ریٹائرمنٹ ٹور کے دوران انہوں نے 36 شوز میں شرکت کی اور 15 بڑے مقابلے لڑے۔ اس عرصے میں وہ WrestleMania میں ریکارڈ 17ویں عالمی چیمپئن شپ جیتنے، گرانڈ سلیم چیمپئن بننے اور نوجوان ریسلرز کو آگے بڑھانے جیسے سنگ میل بھی حاصل کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: سہ ملکی ٹی 20 سیریز فائنل، پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا
Hustle, Loyalty and Respect کے نعرے کے ساتھ ریسلنگ کی دنیا میں پہچان بنانے والے جان سینا نے ایک ایسے لیجنڈ کے طور پر کیریئر ختم کیا، جس نے نہ صرف ٹائٹلز جیتے بلکہ کھیل کی نئی نسل کو سمت بھی دی۔
اگرچہ ان کا ان-رنگ سفر ختم ہو چکا ہے، تاہم امکان ہے کہ وہ مستقبل میں WWE کے سفیر یا خصوصی کردار کے طور پر وابستہ رہیں گے۔











