پیر,  20 اکتوبر 2025ء
مشہور’ ’چائے والا‘‘ ارشد خان کو پاکستانی شناخت واپس مل گئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مشہور زمانہ ’’چائے والا‘‘ ارشد خان  کو بالآخر اپنی قومی شناخت واپس مل گئی۔ نادرا نے ان کا قومی شناختی کارڈ بحال کرتے ہوئے ان کی شہریت کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد ارشد خان کا طویل انتظار اور بے یقینی کا دور ختم ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ارشد خان کا شناختی کارڈ کچھ ماہ قبل ’’غیر تصدیق شدہ دستاویزات‘‘ کے باعث بلاک کر دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ مختلف سرکاری اور نجی امور میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کی اس صورتحال نے نہ صرف میڈیا بلکہ عوام کی توجہ بھی حاصل کی تھی، کیونکہ وہ ایک عام پاکستانی کی اس جدوجہد کی علامت بن گئے تھے جو اپنے شناختی حق کے لیے اداروں کے چکر لگاتا ہے۔

ارشد خان نے نادرا کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اللہ کا شکر ہے میرا مسئلہ حل ہو گیا، اب میں سکون سے اپنا کام کر سکتا ہوں اور زندگی آگے بڑھا سکتا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے ہمیشہ پاکستان سے محبت کی ہے، اور اپنی شناخت کی بحالی میرے لیے بہت بڑی خوشی ہے۔ میں نادرا اور عدالت کا شکر گزار ہوں‘‘

مزید پڑھیں: ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) کے وی سی ڈاکٹر شہزاد خان کو وزیر اعظم کے ٹیکنیکل گروپ ممبر مقرر کیے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے مبارکباد

نادرا حکام کے مطابق، ارشد خان کا کیس معمولی تکنیکی وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تھا، تاہم تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر پاکستانی شہری تسلیم کر لیا گیا ہے۔

ارشد خان اس وقت اپنے کیفے ’’چائے والا ٹی کیفے‘‘ کے ذریعے کاروبار چلا رہے ہیں اور مختلف فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔

مزید خبریں