اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے نامور اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے شوبز کی دنیا میں نئے چہروں کو متعارف کرانے کے لیے ایک بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ہمایوں سعید نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اس تخلیقی میدان کا حصہ بنیں، چاہے وہ اسکرین پر اداکاری کرنا چاہتے ہوں یا پس پردہ مختلف ذمہ داریاں سنبھالنے کے خواہش مند ہوں۔
انسٹاگرام پیغام میں اداکار نے کہا کہ وہ ان تمام باصلاحیت نوجوانوں کو موقع دینا چاہتے ہیں، جو کسی بھی شکل میں تخلیقی عمل میں شمولیت کے خواہاں ہیں، اس فہرست میں پرفارمرز، سنگرز، اسسٹنٹ پروڈیوسر، پروڈکشن ڈیزائنر، رائٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، لائن پروڈیوسر، آرٹ ڈائریکٹر، میوزی شینز، گرافک ڈیزائنرز، ایڈیٹرز اور وی ایف ایکس آرٹسٹ شامل ہیں۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ منتخب امیدواروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں اپنی فیلڈز میں بہترین کردار ادا کرسکیں، اس پروگرام کے لیے کسی مخصوص تعلیمی ڈگری یا فنون لطیفہ میں تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی، تاہم جذبہ اور کمٹمنٹ کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ببرک شاہ نے اداکارہ ریما خان کو اوور ریٹڈ قرار دے دیا
انہوں نے خاص طور پر نئے گریجویٹ طلبہ کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی، اور کہا کہ یہ پروگرام ان نوجوانوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے جو شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی شوبز انڈسٹری ایک نئے دور میں داخل ہورہی ہے، جیسے پاکستان آئیڈل جو تقریباً ایک دہائی بعد دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے ججز میں راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زب بنگش شامل ہوں گے، جبکہ پہلی بار پاکستانی ناظرین کو گاٹ ٹیلنٹ جیسے عالمی معیار کے شو کا مقامی ورژن دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔
شوبز ماہرین کے مطابق ہمایوں سعید کا یہ اقدام پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نئے نوجوانوں کے لئے ٹیلنٹ کے دروازے کھولنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کی اہم کوشش ثابت ہوگا۔