ممبئی(روشن پاکستان نیوز) بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں اداکارہ سمیت ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شب 3:30 بجے کے قریب دیشا پٹانی کے بریلی میں واقع گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
افسوسناک واقعے کے دوران 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے دیشا پٹانی کے گھر پر اندھا دھند گولیاں چلادیں جس میں اداکارہ سمیت ان کے اہل خانہ بھی محفوظ رہے۔
اداکارہ کے گھر کے باہر فائرنگ کس نے اور کیوں کروائی؟
بعد ازاں اداکارہ کے گھر پر حملے کی ذمہ داری بدنام زمانہ گینگسٹر روہت گودارا اور گولڈی برار گینگ نے بذریعہ سوشل میڈیا پوسٹ قبول کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ دیشا پٹانی کی بہن خوشبو پٹانی کی جانب سے ان کے روحانی رہنما ؤں پریمانند مہاراج اور انیرودھاچاریہ جی مہاراج سے متعلق توہین آمیز بیان دیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ حملہ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بدنام زمانہ گینگسٹر کی جانب سے جاری فیس بک پوسٹ میں اداکارہ و ان کے اہل خانہ سمیت تمام بالی وڈ شخصیات کو متنبہ کیا گیا ہے کہ’ یہ صرف ایک ٹریلر تھا، اگلی بار اگر خوشبو پٹانی یا کسی بھی شخص کی طرف سے ایسی کوئی حرکت کی گئی تو ہم ان کے گھر سے کسی کو زندہ نہیں چھوڑیں گے‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پیغام صرف ان کے لیے نہیں بلکہ فلم انڈسٹری سے منسلک تمام فنکاروں اور ان سے وابستہ لوگوں کے لیے بھی ہے‘۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹیموں کا موازنہ، کس کا پلڑا بھاری؟
دوسری جانب اداکارہ کے والد جگدیش پٹانی کی جانب سے فائرنگ واقعے کے خلاف پولیس میں باضابطہ طور پر شکایت درج کرادی گئی ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کیلئے 5خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔