هفته,  06  ستمبر 2025ء
ایمان کی رجب بٹ کے گھر واپسی ، علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے معروف اور متنازع ڈیجیٹل کریئیٹر اور یوٹیوبر رجب بٹ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ سےعلیحدگی کی گردش کرتی افواہوں کے باعث خبروں میں رہے۔ تاہم، ان تمام خبروں کی حقیقت آخرکار سامنے آگئی ہے۔

7.3 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب حال ہی میں اپنے سسرال واپس پہنچی ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

والدین اور بہن غزل نے ایمان کو خوش آمدید کہا اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس طرح یہ ثابت ہوگیا کہ رجب اور ایمان کے درمیان علیحدگی کی تمام خبریں بےبنیاد اور جھوٹی تھیں، جو مختلف فین پیجز نے پھیلائی تھیں۔

اس موقع پر خاندان کے تمام افراد نے اپنے خیالات اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ رجب بٹ نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے اہل خانہ اور ایمان کے ساتھ گفتگو کی اور سب کے سامنے اپنی بیوی سے معافی بھی مانگی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کیا کہ جو معاملات چل رہے تھے اس وجہ سے و ہ پچھلے چھ سے آٹھ ماہ کے دوران ان کی زندگی میں آنے ولی خوشیوں کو شیئر نہیں کرسکے۔

ایمان نے بھی اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ وہ اور رجب جلد ہی والدین بننے والے ہیں اور مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی۔

سوشل میڈیا صارفین ایمان کی واپسی پر بے حد خوش نظر آئے۔ ایک صارف نے کمنٹ کیا: ”ایمان جی کو ہمیشہ خوش رکھیں، یہ بہت نیک اور پاکیزہ انسان ہیں، انہیں اب سکون اور محبت کی ضرورت ہے۔“

ایک اور مداح نے لکھا: ”گھر عورتیں بچاتی ہیں، مردوں میں یہ ہنر نہیں ہوتا۔“

مداح ایمان کی برداشت، ہمت اور اپنے گھر کو سنبھالنے کے عزم کو بھی سراہ رہے ہیں۔ بیشتر صارفین نے رجب کے خاندان کو نصیحت کی کہ ایمان کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ انہوں نے مشکل وقت برداشت کیا ہے۔

یوں، ایک طرف علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں تو دوسری طرف رجب اور ایمان نے اپنی نئی زندگی کی خوشخبری کے ساتھ فینز کے دل بھی جیت لیے۔

مزید خبریں