بدھ,  13  اگست 2025ء
اسلام آباد میں مساجد کا انہدام: اداکارہ مشی خان نے پیغام میں لوگوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) معروف اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان مشی خان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک بیان پر ہونے والی تنقید کے جواب میں سخت الفاظ استعمال کیے ہیں۔ مشی خان، جو اکثر معاشرتی اور مذہبی معاملات پر اپنی رائے دیتی ہیں، اس بار ایک حساس مسئلے پر آواز بلند کرنے کے بعد صارفین کی تنقید کا نشانہ بن گئیں۔

انہوں نے کہا، “مجھے حیرت اس بات پر ہوئی کہ بجائے سچ بات کو سپورٹ کرنے کے، لوگوں نے الٹا مجھے ہی منفی کمنٹس دینے شروع کر دیے۔ کچھ نے کہا کہ مساجد کو غیر قانونی جگہ پر بنایا گیا تھا، اس لیے انہدام جائز ہے۔”

مشی خان نے واضح الفاظ میں کہا، “میں نے اللہ کو جواب دینا ہے، آپ لوگوں کو نہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں بے حسی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ گدھوں کو گوشت کھاتے دیکھ کر بھی خاموش رہتے ہیں، اور یہی رویہ ہماری اخلاقی گراوٹ کا ثبوت ہے۔

اداکارہ نے اپنے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف سچ بولتی ہیں اور کسی سے ڈرتی نہیں۔ “اگر میں کسی غلط چیز پر آواز اٹھاؤں اور لوگ مجھے برا کہیں، تو یہ ان کا ضمیر ہے جو سو چکا ہے، میرا نہیں۔”

مشی خان کی یہ ویڈیو اور بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جہاں کچھ صارفین ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ دیگر ان کے الفاظ کو “شدت پسندانہ” قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: محرم میں نیاز تقسیم کرنے پر اداکارہ ریشم کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ڈاکٹر عمر عادل سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

اداکارہ کا مؤقف یہ ہے کہ دین اور انصاف کے نام پر اگر خاموشی اختیار کی جائے تو وہ خاموشی بھی گناہ بن جاتی ہے۔ انہوں نے عوام اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذہبی معاملات میں انصاف، عدل اور قانون کے دائرے میں رہ کر فیصلے کریں۔

مشی خان کی یہ بے باک رائے ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ فنکار صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرتی شعور اجاگر کرنے والے اہم کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں