اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سستے علاج بعض اوقات مہنگے نتائج دے سکتے ہیں اور خوبصورتی کی چاہت، اگر احتیاط سے نہ کی جائے، تو نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
ایسا ہی کچھ ریئلٹی شو ”دی ریئل ہاؤس وائیوز آف بیورلی ہلز“ سے شہرت حاصل کرنے والی امریکی ٹی وی اسٹار اور سابق ماڈل برانڈی گلین ول کے ساتھ ہوا جو حال ہی میں ایک خطرناک خوبصورتی کے تجربے کے بعد شدید کیمیائی جلن کا شکار ہو گئیں۔
4 اگست 2025 کو 52 سالہ برانڈی نے اپنے آفیشیل ٹک ٹاک اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر جلے ہوئے نشانات واضح نظر آ رہے تھےاور چہرہ سرخ اور سوجا ہوا بھی دکھائی دے رہا تھا۔ برانڈی کے چہرے پر واضح براؤن اور سرخ دھبے، جھلسے ہوئے حصے اور چھلتی ہوئی جلد دیکھنے والوں کو چونکا گئے۔
انہوں نے ویڈیو میں مذاق کرتے ہوئے کہا، میں کتنی خوبصورت لگ رہی ہوں۔
برانڈی نے انکشاف کیا کہ وہ چہرے پر موجود ایک ”پیراسائٹ“ کو خود گھر پر ختم کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، جس کے لیے انہوں نے معروف ہیئر ریموول کریم کا استعمال کیا۔ یہی غلطی ان کے لیے تکلیف دہ ثابت ہوئی اورچہرے پر شدید کیمیکل برن ہوگیا۔
انہوں نے اس کے بعد اپنی ویڈیو میں کہا کہ اب مہنگے فیشل اور لیزر کی ضرورت نہیں رہی۔
برانڈی نے ویڈیو میں انہوں نے بعد از علاج استعمال کی جانے والی اشیاء کا بھی ذکر کیا: ایلو ویرا، کھیرے کا رس، اور بلیک ٹی کو فریز کر کے اسپرے بوتل میں ڈال کر دن بھر چہرے پر چھڑکنے کا مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں: اداکارہ بشریٰ انصاری کا اپنی نئی ویڈیو میں لڑکیوں کو اہم پیغام
برانڈی نے پوسٹ میں لکھا:”یہ ایک اچھا ہیک ہے لیکن کوئی بھی طریقہ آزمانے سے پہلے ٹیسٹ پیچ ضرور کریں۔ میں نے سات منٹ کریم کو لگایا تھا اور اب میرا پورا چہرہ جل رہا ہے جل رہی ہوں، اس نے میرے بازوؤں کی جلد بھی جلا دی، لیکن یہ صرف سات ڈالر کا پڑا۔“
برانڈی گلین ول نے ماضی میں بھی چہرے کی ساخت میں تبدیلی اور بیماری کا اعتراف کیا ہے۔ وہ کافی عرصے سے چہرے، جبڑے اور گردن پر موجود گلٹیوں سے پریشان ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، برانڈی نے مختلف ڈاکٹرز سے رجوع کیا، تقریباً 1 لاکھ 13 ہزار امریکی ڈالر خرچ کیے اور اینٹی بایوٹک، اسٹیروئڈز اور اینٹی وائرلز جیسے کئی طریقے آزما چکی ہیں مگر افاقہ نہ ہو سکا۔
انہوں نے اس بیماری کی ممکنہ وجہ کووِڈ-19 ویکسین یا مراکش میں لاحق ہونے والے کسی پیرایسیٹ کو قرار دیا۔
برانڈی کی ویڈیو دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ریڈٹ جیسے پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو پر تبصرے کیے گئے جن میں لوگوں نے ان کی صحت اور ذہنی حالت پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے لکھا،”اپنا چہرہ مزید برباد کرنا بند کرو، برانڈی۔ پہلے لیزر سے جلایا، پھر فیشل پیرالیسز ہوا، اور اب یہ کیمیکل لگا کر مزید نقصان کر لیا۔“
ایک اور صارف کا کہنا تھا،”اس بیچاری کو کبھی سکون نہیں ملتا۔ جب سے مراکش گئی ہے، زندگی بگاڑ کا شکار ہو گئی ہے۔ پتہ نہیں ذہنی طور پر کیسی حالت میں ہے۔“